19 رمضان تک دوسرا عمرہ کیا جاسکتا ہے: وزارت حج و عمرہ
وزارت حج و عمرہ نے بیان میں کہا کہ ’19 رمضان تک نیا عمرہ کیا جا سکتا ہے۔ سسٹم میں اس کی گنجائش موجود ہے۔‘ (فوٹو: ٹوئٹر حرمین شریفین)
سعودی وزارت حج و عمرہ نے کہا ہے کہ 19 رمضان تک دوسرا عمرہ کیا جا سکتا ہے، اس کی اجازت ہوگی۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق وزارت حج و عمرہ نے بیان میں کہا کہ ’19 رمضان تک نیا عمرہ کیا جا سکتا ہے۔ سسٹم میں اس کی گنجائش موجود ہے۔‘
وزارت نے کہا کہ ’اتوار سے بدھ تک رات 10 بجے سے سہ پہر چار بجے تک دوسرے عمرے کی بکنگ کرائی جا سکتی ہے۔‘
یاد رہے کہ سعودی شہری اور مقیم غیرملکی اس حوالے سے استفسار کر رہے تھے کہ آیا رمضان ایک عمرے کے بعد دوسرے عمرے کی اجازت دی جائے گی یا نہیں؟
اس سے قبل وزارت حج کے ٹوئٹر پرعمرہ پرمٹ کے حوالے سے موصول ہونے والے سوالات کے جوابات کے حوالے سے بتایا تھا کہ ’پرمٹ کے مقررہ وقت میں تاخیر ہونے پر نیا پرمٹ جاری کرانے کے لیے انتظار کریں جب وقت ختم ہوجائے تو دوسرے پرمٹ کی بکنگ کی جا سکتی ہے۔‘
’عمرہ پرمٹ میں وقت تبدیل کرنے کی گنجائش نہیں البتہ عمرہ پرمٹ کا وقت شروع ہونے سے قبل اسے کینسل کرانے کے بعد دوسرا پرمٹ جاری کرایا جا سکتا ہے۔‘