Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نومنتخب وزیراعلیٰ کے حلف کا معاملہ: حمزہ شہباز کی درخواست واپس

عدالت کو بتایا گیا ہے کہ گورنر پنجاب صوبے کے نومنتحب وزیراعلٰی سے حلف لینے سے انکاری ہیں۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
لاہور ہائیکورٹ نے گورنر کی جانب سے وزیراعلیٰ پنجاب کے حلف نہ لینے سے متعلق دائر حمزہ شہباز کی درخواست واپس کر دی ہے۔
منگل کو عدالت نے درخواست نامکمل ہونے کی بنیاد پر واپس کر دی۔
رجسٹرار آفس نے کہا ہے کہ درخواست کو مکمل دستاویزات کے ساتھ دائر کیا جائے۔
گورنر پنجاب کی جانب سے وزارت اعلیٰ کے عہدے کا حلف نہ لینے پر پنجاب کے نو منتخب وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا۔
ہائیکورٹ میں دائر کی گئی درخواست میں حمزہ شہباز نے گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ اور پنجاب کے چیف سیکریٹری کو فریق بنایا۔
درخواست میں عدالت کو بتایا گیا ہے کہ گورنر پنجاب صوبے کے نومنتحب وزیراعلیٰ سے حلف لینے سے انکاری ہیں۔
حمزہ شہباز کی درخواست کے مطابق ان کو پنجاب اسمبلی کے ایوان نے قانون کے مطابق وزیراعلٰی منتخب کیا اور گورنر کی جانب سے ان کے عہدے کے حلف کے لیے تقریب منعقد کرنے سے انکار آئین اور قانون کی خلاف وزری ہے۔
 درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ گورنر پنجاب کو نئے وزیراعلٰی پنجاب سے حلف لینے کے احکامات جاری کیے جائیں۔
خیال رہے کہ چار دن قبل پنجاب کی صوبائی اسمبلی نے مسلم لیگ ن کے رکن حمزہ شہباز کو وزیراعلیٰ منتخب کیا۔ 
آئینی طور پر کسی بھی صوبے کا گورنر نئے منتخب ہونے والے وزیر اعلیٰ سے حلف لیتا ہے تاہم گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے نو منتخب وزیر اعلی حمزہ شہباز سے  فوری طور پر حلف لینے سے انکار کیا ہے۔ 
ایک پریس کانفرنس میں پنجاب کے گورنر نے بتایا کہ پنجاب اسمبلی میں ہونے والے واقعات کی رپورٹ سیکریٹری اسمبلی نے ان کو بھیجی ہے جس کو دیکھنے کے بعد انہوں نے حلف کے عمل کو ’موخر‘ کیا۔ 

شیئر: