پنجاب میں نومنتخب وزیراعلیٰ حمزہ شہباز شریف کے حلف پر نیا تنازع
پنجاب میں نومنتخب وزیراعلیٰ حمزہ شہباز شریف کے حلف پر نیا تنازع
اتوار 17 اپریل 2022 16:35
رائے شاہنواز - اردو نیوز، لاہور
سپیکر آفس کے مطابق پرویز الہی حمزہ شہباز سے حلف نہیں لیں گے۔ (فوٹو: ٹوئٹر)
پنجاب کی صوبائی اسمبلی نے مسلم لیگ ن کے رہنما اور ایم پی اے حمزہ شہباز کو وزیر اعلی منتخب کر لیا ہے۔ تاہم اس وقت یہ سوال پیدا ہو گیا ہے کہ حمزہ شہباز سے حلف کون لے گا؟
آئینی طور پر کسی بھی صوبے کا گورنر نئے منتخب ہونے والے وزیر اعلی سے حلف لیتا ہے۔ پاکستان کے مقامی میڈیا کے مطابق پنجاب میں حال میں تعینات کیے جانے والے گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے نو منتخب وزیر اعلی حمزہ شہباز سے فوری طور پر حلف لینے سے انکار کر دیا ہے۔
انہوں نے ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ پنجاب اسمبلی میں ہونے والے واقعات کی رپورٹ سیکریٹری اسمبلی نے ان کو بھیجی ہے جس کو دیکھنے کے بعد انہوں نے حلف کے عمل کو ’موخر‘ کر دیا ہے۔
اس سے پہلے ڈپٹی سپیکر دوست محمد مزاری کی جانب سے نئے وزیر اعلی پنجاب کے انتخاب کی سمری گورنر ہاؤس کو بھیجی گئی جس کو گورنر کے عملے نے وصول کیا۔
دوسری طرف وفاقی حکومت نے گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ کو برطرف کرنے کا اعلان کیا ہے اور یہ خبر گورنر کو پریس کانفرنس کے دوران دی گئی۔ تاہم انہوں نے یہ خبر سننے کےبعد کہا کہ انہیں صرف صدر مملکت ہی عہدے سے ہٹا سکتے ہیں۔
آئینی طور پر اگر گورنر دستیاب نہ ہوں تو ان کی جگہ سپیکر اسمبلی حلف لے سکتے ہیں تاہم صورت حال یہ پیدا ہو گئی ہے کہ سپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الہی جو کہ حمزہ شہباز کے مقابلے میں وزارت اعلی کے امیدوار بھی تھے انہوں نے اپنے ایک بیان میں حمزہ شہباز کو سرے سے وزیر اعلی ماننے سے ہی انکار کر دیا ہے۔
سپیکر آفس کے مطابق پرویز الہی بھی حمزہ شہباز سے حلف نہیں لیں گے۔ خیال رہے کہ اس سے پہلے وزیر اعظم شہباز شریف سے صدر مملکت عارف علوی نے بھی حلف نہیں لیا تھا۔ صدارتی آفس کے مطابق وہ اچانک بیمار ہو گئے تھے۔
صدر کی جگہ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے وزیر اعظم سے ان کے عہدے کا حلف لیا۔ تاہم پنجاب میں صورت حال اس سے بھی مختلف ہے۔ آئینی ماہرین کے مطابق ایسی صورت حال میں چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ نو منتخب وزیر اعلی سے حلف لے سکتے ہیں۔
دوسری طرف ابھی تک لاہور ہائی کورٹ آفس نے اس بات کی تصدیق نہیں کی ہے کہ چیف جسٹس نو منتخب وزیراعلی سے حلف لیں گے یا نہیں۔
یہ بھی اطلاعات آرہی ہیں کہ وفاقی حکومت پنجاب میں نیا گورنر لگانے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔ تاہم اگر عمرسرفراز چیمہ نے گورنر ہاؤس نہ چھوڑنے کا اعلان کیا تو صورت حال اور پیچیدہ ہونے کا خدشہ ہے۔
پھر یہ بھی سوال کھڑا ہو گا کہ نئے گورنر سے حلف کون لے گا؟ گورنر سے حلف چونکہ ہائی کورٹ کا چیف جسٹس لیتا ہے اس لیے عدلیہ اس ساری سیاسی صورت حال کو کیسے دیکھ رہی ہے یہ بات بھی ابھی حل طلب ہے۔
حمزہ شہباز آج رات وزیراعلیٰ کا حلف اٹھائیں گے: مسلم لیگ ن
دوسری جانب مسلم لیگ ن کے رہنما عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ گورنرہاؤس کو حمزہ شہباز کی بطور وزیرِاعلیٰ پنجاب کامیابی کا نوٹیفکیشن موصول ہو گیا ہے، وہ آج رات عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔
اتوار کو لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے رہنما عطااللہ تارڑ نے کہا کہ ’ہمیں اطلاعات ملی ہیں کہ گورنر پنجاب بھی صدر مملکت کی طرح حلف نہیں لینا چاہتے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’یہ آئینی ذمے داری ہے اگر وہ خود حلف نہیں لے سکتے تو کسی کو نامزد کر دیں۔‘
دوسری جانب گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ کا کہنا ہے کہ ’حمزہ شہباز سے حلف لینے کا ابھی فیصلہ نہیں کیا۔
اتوار کو مسلم لیگ ق کے رہنما چوہدری پرویز الٰہی کی رہائشگاہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب نے کہا کہ ’حمزہ شہباز سے حلف لینے کا فیصلہ آئینی ماہرین کی مشاورت سے کروں گا۔‘