Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مقابلہ حسن قرات اور اذان: کامیاب افراد میں 12 ملین ریال کے انعامات تقسیم

سعودی محکمہ تفریحات کےسربراہ ترکی آل الشیخ نے حسن قرات اور اذان کے مقابلوں میں اول آنے والوں کو انعامات دیے ہیں۔
مقابلہ ’عطر الکلام‘ (کلام کی خوشبو) کے عنوان سے منعقد کیا گیا۔ کامیاب ہونے والوں کے لیے 12 ملین ریال کے انعامات رکھے گئے تھے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق ترکی آل الشیخ نے قرات اور اذان کے مقابلوں کی سرپرستی پرشاہ سلمان بن عبد العزیزاور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا شکریہ ادا کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سعودی قیادت مملکت کے لیے مفید ہر کام کی غیرمعمولی سرپرستی کر رہی ہے۔
مقابلے کے آخری دن مراکش کے یونس مصطفی غربی کو حسن قرات کے مقابلے میں پہلا انعام 5 ملین ریال دیا گیا۔ دوسری پوزیشن برطانیہ کے محمد ایوب آصف نے حاصل کی انہیں 20 لاکھ ریال کے انعام کا حقدار قرار دیا گیا۔
تیسری پوزیشن بحرین کے محمد مجاہد نے حاصل کی جنہیں 10 لاکھ  ریال کا انعام دیا گیا ہے۔ چوتھی پوزیشن ایران کے سید جاسم موسوی نے حاصل کی انہیں پانچ لاکھ ریال انعام دیا گیا۔ 
اذان کے بین الاقوامی مقابلے میں ترکی کے محسن کارا کو پہلی پوزیشن پر 20 لاکھ ریال اور بیجان جلیک کو دوسری پوزیشن پر دس لاکھ ریال کا انعام دیا گیا ہے۔
تیسری پوزیشن سعودی نوجوان عبدالرحمن بن عادل نے حاصل کی جنہیں 5 لاکھ  ریال کا انعام دیا گیا۔ چوتھی پوزیشن بھی سعودی نوجوان انس الرحیلی نے حاصل کی جنہیں ڈھائی لاکھ ریال انعام دیا گیا۔ 
ترکی آل الشیخ نے اعلان کیا کہ حسن قرات اور اذان کا مقابلہ آئندہ سال بھی ہوگا۔ دنیا بھر کے ملکوں اور براعظموں کے امیدواروں کو مقابلوں میں شریک کیا جائے گا۔ 
بین الاقوامی مقابلے کا فیصلہ کرنے والی کمیٹی  13 ماہرین پر مشتمل تھی۔ ان میں مسجد الحرام و مسجد نبوی کے آئمہ اور موذنوں کے علاوہ دنیا کے معروف قرا بھی شامل تھے۔ 
 

شیئر: