Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’مناسب ہتھیار ہوں‘ تو یوکرین روس کے خلاف جنگ جیت سکتا ہے، امریکی وزیر دفاع

پینٹاگون کے ترجمان کے مطابق دونوں ملکوں کے حکام کے درمیان ملاقات تین گھنٹے تک جاری رہی۔ (فوٹو: اے ایف پی)
امریکہ نے کہا ہے کہ اگر یوکرین کے پاس ’مناسب ہتھیار‘ ہوں تو وہ روس کے خلاف جنگ جیت سکتا ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق پیر کو امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن اور وزیر دفاع لائیڈ آسٹن نے دارالحکومت کیئف کا دورہ کیا جہاں انہوں نے یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی سے ملاقات کی ہے۔
یوکرینی صدر سے ملاقات کے بعد امریکی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’جیتنے کے لیے پہلا قدم یہ یقین اور اعتماد ہے کہ آپ جیت سکتے ہیں۔ اور ان (یوکرینی صدر) کو یقین ہے کہ وہ جیت سکتے ہیں۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’ہمیں یقین ہے کہ وہ (یوکرین) جیت سکتے ہیں اگر ان کے پاس مناسب ہتھیار اور صحیح مدد ہو۔ اور ہم یہ یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کریں گے کہ یہ سب ان تک پہنچے۔‘
امریکی وزیر خارجہ اور وزیر دفاع کا دورہ ایسے وقت ہوا جب یوکرین میں لڑائی جاری ہے۔
یوکرین کی جنگ تیسرے مہینے میں داخل ہوگئی ہے۔ اس میں ہزاروں شہری ہلاک جبکہ لاکھوں بے گھر ہوئے ہیں۔
پینٹاگون کے ترجمان کے مطابق دونوں ملکوں کے حکام کے درمیان ملاقات تین گھنٹے تک جاری رہی، انہوں نے اس ملاقات کو تعمیری قرار دیا۔
ترجمان نے مزید کہا کہ ملاقات میں منگل کو جرمنی میں ہونے والے سکیورٹی اجلاس کے بارے میں بھی یوکرین کے صدر کو بریف کیا گیا۔
امریکی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن کا مزید کہنا تھا کہ ’امریکہ کو امید ہے کہ یوکرین میں روسی فوجی تھک ہار جائیں گے جو ان کو مزید حملے کرنے سے روکیں گے۔‘

امریکہ نے یوکرین کے لیے سات ملین اضافی فوجی مدد کا بھی اعلان کیا۔ (فوٹو: اے ایف پی)

لائیڈ آسٹن نے کہا کہ ’ہم روس کو اس حد تک کمزور دیکھنا چاہتے ہیں کہ وہ اس قسم کی کارروائیاں نہ کر سکے جو اس نے یوکرین پر حملے کے دوران کیں‘
کئی مہینوں سے یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی مغربی ممالک سے بھاری ہتھیاروں اور جنگی طیاروں کے حصول کے لیے مطالبہ کر رہے ہیں۔
ماسکو کے احتجاج کے باوجود مغربی اتحادیوں نے یوکرین کو ہتھیار فراہم کیے ہیں۔
یوکرین کو مالی مدد فراہم کرنے اور اسلحہ دینے میں امریکہ سب سے آگے ہے۔ حملے کے بعد واشنگٹن نے روس پر اقتصادی پابندیاں بھی عائد کی تھیں۔
امریکی وزراء نے کہا کہ رواں ہفتے امریکی سفارت کار یوکرین واپس جانا شروع کر دیں گے۔
امریکہ نے یوکرین کے لیے 70 لاکھ ڈالر اضافی فوجی امداد کا بھی اعلان کیا ہے۔

شیئر: