Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’ٹریفک خلاف ورزیوں کے جرمانے ادا نہ کرنے پر بینک اکاونٹ منجمد ہوں گے‘

ٹریفک کی خلاف ورزیوں کے جرمانے 15 روزہ مہلت کے اندر ادا کرنے ہوں گے(فائل فوٹو: ایس پی اے)
سعودی محکمہ ٹریفک نے کہا ہے کہ ’راہگیروں کی سلامتی اور ٹریفک حادثات پر کنٹرول کے لیے ٹریفک قانون کی دفعہ 75 میں ترمیم کی گئی ہے۔‘
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق ترمیم پرعمل درآمد کا لائحہ عمل متعلقہ اداروں کے ساتھ  تعاون سے جاری کیا جائے گا۔ 
ترمیم کے بموجب ’مخصوص خلاف ورزیوں کے جرمانے 15 روزہ مہلت کے اندر ادا نہ کرنے پر خلاف ورزی کے مرتکب افراد کے بینک اکاؤنٹ منجمد کردیے جائیں گے۔ مہلت کی شروعات ٹریفک خلاف ورزی پر اعتراض کے لیے مقرر مدت گزرنے پر شروع ہوگی۔‘
یاد رہے کہ ٹریفک قانون کی دفعہ 75 کی شق ایک کے بموجب ٹریفک خلاف ورزی پر 30 روز کے اندر اعتراض کا حق دیا جاتا ہے۔
علاوہ ازیں خلاف ورزی کرنے والے کا اعتراض ٹریفک کورٹ سے مسترد کیے جانے کی صورت میں بھی مہلت شروع ہو جاتی ہے۔ 
خلاف ورزی پر کیے جانے والے جرمانے میں ترمیم کا فیصلہ صادر ہونے پر بھی مہلت شروع ہوتی ہے بشرطیکہ خلاف ورزی کرنے والے نے مزید مہلت کی درخواست نہ  کی ہو جس کی انتہائی مدت 90 روز ہے۔
محکمہ ٹریفک کا کہنا ہے کہ ’جلد ان خلاف ورزیوں کا چارٹ جاری کر دیا جائے گا جن کے ارتکاب پر اکاؤنٹ منجمد نہیں ہوتے۔ اس حوالے سے دیگر قواعد و ضوابط کا بھی اعلان ہوگا۔‘
محکمہ ٹریفک نے مقامی شہریوں اورمقیم غیرملکیوں سے اپیل کی ہے کہ ’وہ ٹریفک ضوابط کی پابندی کریں۔ ٹریفک قانون کے اہداف حاصل کرنے کے لیے خلاف ورزیوں سے گریز کریں۔‘

شیئر: