Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

رمضان میں منہ کی بُو سے چھٹکارا کیسے حاصل کیا جائے؟

منہ کی بو کے باعث اکثر دوسروں کے ساتھ گفتگو میں پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے (فوٹو: الرجل)
رمضان کے دوران روزہ دار منہ کی بُو سے کافی پریشان رہتے ہیں، اس کی کئی وجوہات ہیں۔ یہ بھی دیکھنے میں آتا ہے کہ رمضان میں جن کے منہ سے بو آتی ہے انہیں دوسروں سے بات چیت کرتے ہوئے بھی پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
سعودی عرب کے میگزین الرجل نے اس سے چھٹکارہ کے کچھ طریقے بتائے ہیں۔

 ​بو کی وجوہات

خوراک میں بعض مصالہ جات میں پیاز اور لہسن شامل ہوتے ہیں جو بعض اوقات بو پیدا کرنے کا سبب بنتے ہیں جبکہ مچھلی، پنیر اور ایسے کھانے جن میں فاسفورس کی مقدار زیادہ ہو، کے علاوہ دانتوں میں خوراک اور قہوے کے اثرات رہ جانا بھی بو پیدا کرنے کا سبب بنتا ہے۔.

دانتوں کی صفائی

وہ افراد جو دانتوں کی صفائی پابندی سے نہیں کرتے خوراک کے ذرات دانتوں کے درمیان خلا میں رہ جاتے ہیں، جس سے پلاک پیدا ہوتا ہے اور منہ سے بو آنے لگتی ہے۔
تمباکو نوشی وغیرہ
تمباکو نوشی، سگریٹ نوشی، نسوار یا تمباکو کے استعمال سے منہ میں ایسا کیمیکل ری ایکشن ہوتا ہے جو تمباکو نوشی کے بعد بھی منہ میں رہتا ہے اور منہ کی بو کا باعث بنتا ہے۔.

منہ کا خشک ہونا

منہ جب خشک ہوتا ہے تو اس سے بو آنے لگتی ہے۔ لعاب دہن ایک ایسا قدرتی جراثیم کش مواد ہوتا ہے جو خودکار طریقے سے مسلسل منہ کو تر رکھتا ہے اور اسے خشک نہیں ہونے دیتا اور جب منہ خشک ہو جاتا ہے تو اس سے بو آنے لگتی ہے۔.

تمباکو نوشی کے اثرات منہ کی بدبو کا باعث بنتے ہیں (فوٹو: انسپلیش)

نیند
جب انسان سو کر اٹھتا ہے تو اس کے منہ سے بو آنا قدرتی امر ہے کیونکہ سوتے ہوئے لعاب پیدا کرنے والے گلینڈز کام نہیں کرتے، جن سے قدرتی جراثیم کشی کا عمل رک جاتا ہے جس کے ذریعے منہ میں پیدا ہونے والے بیکٹیریا کے خاتمے کا عمل بھی موقوف ہو جاتا ہے جس کی وجہ سے منہ سے بو آنا شروع ہو جاتی ہے۔.
منہ کی بو سے نجات پانے کے لیے ان طریقوں پر عمل کیا جا سکتا ہے۔

پانی کا استعمال

ماہرین کا کہنا ہے کہ سحری اور افطار میں پانی کثرت سے استعمال کیا جائے۔ کم از کم دو سے تین لیٹر پانی استعمال کیا جائے جبکہ سافٹ ڈرنک سے جہاں تک ہو سکے اجتناب برتیں، کیونکہ سافٹ ڈرنکس میں شوگر کی مقدار زیادہ ہوتی ہے جو پیاس کا سبب بنتی ہے۔

ماہرین کے مطابق سحری اور افطار میں پانی کا استعمال زیادہ کرنا چاہیے (فوٹو: ان سپلیشن)

میٹھا کم کھائیں
چینی اور اس سے بنی ہوئی اشیا بیکٹیریا کے لیے مثالی خوراک ہوتی ہیں جن سے زہریلے مواد جمع ہو جاتے ہیں جو بعدازاں منہ سے بو کے اخراج کا باعث بنتے ہیں۔
تمباکو نوشی، سگریٹ نوشی یا تمباکو کا استعمال بھی ترک کردیں .کافین کی مصنوعات بھی مضر ثابت ہوتی ہیں جن سے وہ گلینڈز متاثر ہوتے ہیں جو لعاب پیدا کرتے ہیں۔

شہد کا استعمال منہ کی بو کو روکنے میں کافی معاون ثابت ہوتا ہے (فوٹو: ان سپلیش)

کھانے کی تقسیم

کوشش کریں کہ ایک ہی وقت میں پیٹ بھر کر کھانا نہ کھائیں، بلکہ معدے کو کچھ وقت کے لیے خالی بھی رکھیں، تاکہ وہ اپنا کام مناسب انداز میں کرے اگر پیٹ بھر کر کھانا کھائیں گے تو معدے میں گیس بننے لگے گی جس سے پیٹ کا ابھار بھی بڑھ جائے گا اور منہ کی بو میں مزید اضافہ ہوگا اس لیے کوشش کریں کہ کھانا تھوڑا سا لیں اور وقفے سے لیں۔

شہد کا استعمال

ماہرین کا کہنا ہے کہ شہد کا استعمال منہ کی بو کو روکنے میں کافی معاون ثابت ہوتا ہے۔ شہد کی خاصیت ہے کہ وہ بیکٹیریا کا خاتمہ کرنے کی مثالی صلاحیت رکھتا ہے. اگرچہ شہد خود میٹھا ہوتا ہے تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ افطاری کے بعد شہد کا استعمال منہ کی بو کو روکنے کے لیے کافی مفید ثابت ہوتا ہے۔

شیئر: