Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وزیراعظم شہباز شریف کا دورہ سعودی عرب، مسجد نبوی میں حاضری

سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز کی دعوت پر وزیراعظم محمد شہباز شریف تین روزہ اعلیٰ سطح کے سرکاری دورے پر سعودی عرب میں ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے مدینہ پہنچنے پر وفد کے ہمراہ مسجدِ نبوی اور روضہ رسول پر حاضری دی اور نمازِ مغرب ادا کی۔
جمعرات کو سعودی عرب پہنچنے پر گورنر مدینہ فیصل بن سلمان آل سعود نے اعلیٰ سعودی حکام کے ہمراہ ہوائی اڈے پر وزیراعظم کا استقبال کیا۔
وفد میں وفاقی وزرا بلاول بھٹو زرداری، مریم اورنگزیب، خواجہ آصف، خالد مقبول صدیقی، چوہدری سالک حسین اور سابق فاٹا کے علاقے سے رکن قومی اسمبلی محسن داوڑ بھی شامل ہیں۔
پاکستان کے سرکاری خبر رساں ادارے اے پی پی کے مطابق وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد وزیراعظم کا یہ پہلا غیر ملکی دورہ ہے۔
دورے کے دوران وزیراعظم سعودی قیادت کے ساتھ ملاقاتوں میں اقتصادی، تجارتی اور سرمایہ کاری جیسے تعلقات کو فروغ دینے کے علاوہ سعودی عرب میں پاکستانی افرادی قوت کے لیے روزگار کے زیادہ سے زیادہ مواقع پیدا کرنے کے حوالے سے بات چیت کریں گے۔
فریقین باہمی دلچسپی کے امور خاص طور پر متعدد علاقائی اور بین الاقوامی ایشوز پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔

وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد وزیراعظم شہباز شریف کا یہ پہلا غیر ملکی دورہ ہے (فوٹو: پی ایم آفس)

اس دوران وزیراعظم شہباز شریف عمرے کی سعادت بھی حاصل کریں گے۔
پاکستان اور سعودی عرب برادرانہ تعلقات سے جڑے ہوئے ہیں جو باہمی اعتماد اور افہام و تفہیم، قریبی تعاون اور ایک دوسرے کی حمایت کی لازوال روایت پر مبنی ہیں۔
پاکستان کے عوام خادمین حرمین الشریفین کو انتہائی عزت کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔
پاکستان کے دفتر خارجہ کے مطابق ’دونوں ممالک کی جانب سے مسلسل اعلیٰ سطح کے دورے ان خصوصی تعلقات کی اہم خوبی ہیں۔ وزیراعظم کے دورے سے دونوں ممالک کے درمیان کثیر جہتی تعلقات کو مزید گہرا بنانے اور باہمی تعاون اور دونوں ممالک کی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کا ذریعہ بنے گا۔‘ 
خیال رہے کہ 16 اپریل کو سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے وزیراعظم شہباز شریف کو ٹیلیفون کیا اور وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے پر مبارک باد دی تھی۔

سعودی ولی عہد نے وزیراعظم شہباز شریف کو جلد دورہ سعودی عرب کی دعوت دی تھی (فوٹو: پی ایم ہاؤس)

دوران گفتگو وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی ولی عہد سے دو طرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے کے لیے مل کر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا تھا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے مابین تعلقات کو مزید وسعت دیں گے، دونوں ممالک کے درمیان تاریخی اور برادرانہ تعلقات ہیں۔
اس رابطے کے حوالے سے وزیراعظم ہاؤس سے جاری اعلامیے کے مطابق سعودی ولی عہد نے وزیراعظم شہباز شریف کو جلد دورہ سعودی عرب کی دعوت دی تھی جبکہ وزیراعظم نے شہزادہ محمد بن سلمان کو دورہ پاکستان کی دعوت دی۔

شیئر: