Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’آپ ہمارے مہمان ہو‘، پاکستانی بائیکر اور سعودی خواتین کی وڈیو وائرل

سعودی خواتین نے چائے پیش کرتے وقت پاکستانی بائیکر سے سوالات کیے(فوٹو العر بیہ)
 پاکستان سے سعودی عرب کا موٹر سائیکل پر سفر کرنے والے پاکستانی بائیکر ابرار حسین اور ریاض رماح روڈ پر چائے فروخت کرنے والی سعودی خواتین کے درمیان مکالمے کی وڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہے۔ 
العربیہ نیٹ کے مطابق پاکستانی بائیکر ریاض کے شمال مشرق میں واقع ایک قریے سے گزر رہے تھے، ان کی منزل مکہ مکرمہ تھی۔ ابرار حسن نے چائے کا ڈھابہ دیکھ کر موٹر سائیکل روکی۔ اس موقع پر سعودی خواتین نے چائے پیش کرتے وقت پاکستانی بائیکر سے سوالات کیے۔
سعودی خواتین نے پوچھا کہ کیا آپ پاکستان سے موٹر سائیکل پر آئے ہیں۔ اتنا طویل سفر موٹر سائیکل پر کیسے طے کیا۔ یقینا مشکلات پیش آئی ہوں گی۔ انہوں نے پاکستانی موٹرسائیکلسٹ کو چائے پیش کی لیکن اس سے اس کی قیمت وصول کرنے سے یہ کہہ کر انکار کردیا کہ آپ ہمارے مہمان ہو۔ 
سعودی خواتین نے پاکستانی بائیکر کو قہوے کی بھی پیشکش کی جس کی انہوں نے انتہائی شائستگی کے ساتھ معذرت کر لی۔ اس پر خواتین نے انہیں مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ سمیت دوسرے مقدس مقامات کی زیارت کے بعد واپسی کے سفر میں چائے اور قہوے کی دعوت دی۔ 
پاکستانی بائیکر ابرار حسین عربی نہیں جانتے جبکہ سعودی خواتین انگریزی اور اردو سے ناواقف تھیں۔ دونوں اپنے انداز میں ایک دوسرے کو اپنی بات سمجھانے کی کوشش میں کامیاب رہے۔ 
سعودی خواتین نے پوچھا کہ ’کیا آپ سیاح ہو۔‘ پاکستانی بائیکر ابرار حسین نے جواب میں ’نعم‘ (جی ہاں) کہا۔  
 سعودی خاتون نے حیرت سے ماشا اللہ کہا۔ انہیں اس بات پر تعجب تھا کہ وہ پاکستان سے ریاض  ہوتے ہوئے مکہ مکرمہ کے لیے موٹر سائیکل سے سفر کر رہے ہیں۔
دوسری خاتون نے حیرت ختم کرتے ہوئے استفسار کیا کہ کیا موٹر سائیکل پر امریکہ بھی جایا جا سکتا ہے؟

شیئر: