Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب کے افطار پروگرام سے 34 ملکوں میں 10 لاکھ افراد نے فائدہ اٹھایا

97 ہزار سے زیادہ رمضان فوڈ باسکٹ اور کھانے تقسیم کیے جا چکے( فائل فوٹو ایس پی اے)
سعودی وزارت اسلامی امور و دعوت و رہنمائی نے مملکت کے سفارت خانوں کے تعاون سے شاہ سلمان پروگرام مکمل کیا ہے جس کے تحت دنیا بھر کے 34 ممالک میں ضرورت مند افراد میں خوراک کی  تقسیم کی گئی ہے۔
سعودی خبر رساں ادارے  ایس پی اے کے مطابق وزارت کی جانب سے رمضان کے آغاز سے اب تک 10 لاکھ 60 ہزار 475 افراد میں 97 ہزار 63 سے زائد رمضان فوڈ باسکٹ اور37 ہزار 180 افطار کھانے تقسیم کیے جا چکے ہیں۔
سعودی وزارت اسلامی امور و دعوت و رہنمائی نے کئی ممالک میں 24 سے زائد اجتماعی افطار کا بھی اہتمام کیا۔
سعودی وزیر اسلامی امور و دعوت و رہنمائی شیخ ڈاکٹر عبداللطیف آل الشیخ نے دنیا کےغریبوں کی مدد جاری رکھنے پر شاہ سلمان اور ولی عہد محمد بن سلمان کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ کورونا کی عالمی وبا کے اثرات کی وجہ سے اس سال کی امداد پچھلے سال کے مقابلے میں کافی زیادہ ہے۔
سعودی وزارت اسلامی امور و دعوت و رہنمائی کے مطابق ایشیا میں 10، افریقہ میں 16، یورپ میں 4 اور لاطینی امریکہ اور آسٹریلیا میں 3، 3 رمضان فوڈ باسکٹ تقسیم کی گئیں۔
سعودی وزارت کے مطابق اردن کو 990 رمضان فوڈ باسکٹ موصول ہوئیں جو 9 ہزار 900 مستحقین میں تقسیم کی گئیں جب کہ انڈیا میں 30 ہزار رمضان فوڈ باسکٹ تین لاکھ مستحقین میں تقسیم کی گئیں۔
پاکستان میں مجموعی طور پر 7 ہزار  16 رمضان فوڈ باسکٹ تقسیم کی گئیں جس سے 70  ہزار 160 روزہ دار مستفید ہوئے جب کہ تھائی لینڈ میں 3 ہزار  رمضان فوڈ باسکٹ  30 ہزار مستحقین میں تقسیم کی گئیں۔
سعودی وزارت کے مطابق ملائیشیا میں 15 ہزار روزہ داروں کے لیے اجتماعی افطار کا انعقاد کیا گیا جب کہ  انڈونیشیا میں ایک لاکھ  30 ہزار افراد کے لیے 5 ہزار کھانوں کے علاوہ 12 ہزار رمضان فوڈ باسکٹ  تقسیم کی گئیں۔
قازقستان میں 3500 مستحقین میں 350 رمضان فوڈ باسکٹ جب کہ فلپائین میں 35 ہزار روزہ داروں میں 3500 رمضان فوڈ باسکٹ تقسیم کی گئیں۔
سعودی وزارت اسلامی امور و دعوت و رہنمائی نے مالی، جبوتی، جنوبی افریقہ، کیمرون، بنگلہ دیش، استوائی گنی، چاڈ، سوڈان، کینیا، ایتھوپیا، نائجیریا، سینیگال، صومالیہ، بوسنیا، مقدونیہ، کوسوو، ارجنٹینا میں خوراک بھی تقسیم کی۔

شیئر: