Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

چپس فروخت کرنے والا نوجوان بلدیہ اہلکاروں سے الجھ گیا، ویڈیو وائرل

شکایات ملنے پربلدیہ کی تفتیشی ٹیموں نے کارروائی کی ہے (فوٹو: العربیہ)
سعودی عرب کے شہر تبوک میں چپس فروخت کرنے والے سعودی نوجوان کی بلدیہ کے اہلکاروں سے الجھنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہے۔
بلدیہ کی ٹیم کے ساتھ ہونے والے مکالمے میں سعودی نوجوان کا کہنا تھا کہ ’مجھے حلال روزی کمانے دیں تاکہ اپنے گھروالوں پرخرچ کرسکوں۔‘
العربیہ نیٹ کے مطابق وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ’بلدیہ کے اہلکار نوجوان کو سٹال ہٹانے کا کہہ رہے ہیں جبکہ نوجوان کا کہنا تھا کہ وہ اپنے گھروالوں کے لیے حلال روزی کی تلاش میں ہے۔‘
بلدیہ کے اہلکار کی جانب سے جب کہا گیا کہ قانون کے مطابق دکان کیوں نہیں کرتے؟ تو جواب میں نوجوان کا کہنا تھا کہ ’اس کے پاس اتنی رقم نہیں کہ کوئی دکان لے سکوں۔‘
ریجنل بلدیہ نے اس واقعہ پر وضاحتی بیان میں کہا گیا کہ علاقے میں چپس کا سٹال لگانے والے نوجوان کے بارے میں شکایت ملی تھی کہ حفظان صحت کی خلاف ورزی کرتے ہوئے چپس تیار کیے جاتے ہیں۔
شکایات ملنے پربلدیہ کی تفتیشی ٹیموں نے کارروائی کی اور نوجوان کو سٹال ہٹانے کے لیے کہا۔
وضاحتی بیان میں بلدیہ کا مزید کہنا تھا کہ خوانچہ فروشی قانون شکنی ہے۔ بلدیہ کی ٹیم نے اپنے فرائض ادا کیے ہیں۔ قانون سب کے لیے یکساں ہے۔
بلدیہ نے قانونی طورپرسٹالز کے لیے مقامات مختص کیے ہیں تاکہ وہاں فراہم کی جانے والی اشیائے خورونوش کے معیاری ہونے کے حوالے سے جائزہ بھی لیا جا سکے۔ غیر قانونی طور پر لگائے گئے سٹالز کی نگرانی ممکن نہیں ہوتی۔ 

شیئر: