Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’یہ تحریک سے پہلے شیخ رشید اور عمران خان کو جیل بھیجنا چاہتے ہیں‘

سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ انہوں نے شریف خاندان کے افراد اور رانا ثنا اللہ کے خلاف پولیس میں درخواست دی ہے۔ (فوٹو: اے پی پی)
عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت تحریک سے پہلے ان کو اور عمران خان کو جیل بھیجنا چاہتی ہے۔
اسلام آباد میں اتوار کو پریس کانفرنس سے انہوں نے کہا کہ ’وہ ڈرنے والے نہیں، جیل ان کا سسرال اور ہتھکڑی ان کا زیور ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کے ذریعے گند ڈالنا چاہتی ہے اور یہ ملک میں خانہ جنگی چاہتے ہیں۔
’یہ تحریک سے پہلے شیخ رشید اور عمران خان کو جیل بھیجنا چاہتے ہیں۔‘
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ انہوں نے آرمی چیف سمیت پانچ عہدیداروں کو درخواست دی ہے کہ انہوں نے ایک ہفتے میں بغیر کسی منظوری کے تین سو لوگوں کو ای سی ایل سے نکالا ہے۔
ان کے مطابق تھانہ سیکریٹریٹ میں شریف خاندان کے افراد اور رانا ثنا اللہ کے خلاف ایک درخواست دی ہے کہ ’یہ مجھے قتل کرنا چاہتے ہیں۔ اور عمران خان کے لانگ مارچ کو حادثے سے دوچار کرنا چاہتے ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’آج میں پھر پیشن گوئی کر رہا ہوں کہ یہ دنیا کے جس ملک اتریں گے لوگ ان کو انڈے اور ٹماٹر ماریں گے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی فوج عظیم فوج ہے۔ اس کے بغیر ملک نہیں چل سکتا۔
شیخ رشید نے کہا کہ ’سارا بوجھ عدلیہ پر آنے لگا ہے، جھوٹے مقدمے بنائے جا رہے ہیں۔‘

شیئر: