Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

توہین مسجد کیس: شیخ رشید کو 18 مئی تک گرفتار نہ کرنے کا حکم

مسجد نبوی میں نعرے لگانے پر 150 افراد پر مقدمات درج ہوئے تھے (فوٹو: سکرین گریب)
عدالت نے توہین مسجد کیس میں سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست منظور کرتے ہوئے انتظامیہ کو انہیں 18 مئی تک گرفتاری سے روک دیا ہے جبکہ شیخ رشید کے بھتیجے شیخ راشد شفیق نے مقدمہ اخراج کی درخواست دے دی ہے۔
شیخ رشید جمعے کو لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ پہنچے اور سردار عبدالرازق کی وساطت سے درخواست دائر کی۔
اسی طرح شیخ رشید کے بھتیجے شیخ راشد شفیق کی جانب سے دائر کی گئی درخواست میں کہا گیا ہے کہ وزیر داخلہ اور وزیراعظم کے ایما پر مقدمات درج کیے گئے ہیں۔
 درخواست کے مطابق ’ایک جیسی ایف آئی آرز غیرقانونی اور انتقامی کارروائی پر مبنی ہے واقعہ مسجد نبوی میں ہوا اور مقدمات یہاں درج ہوئے۔‘
درخواست میں مقدمات کر ختم کرنے کی استدعا بھی کی گئی ہے۔
عدالت نے مقدمات کے اخراج کے لیے فریقین کو نوٹس بھی جاری کر دیے ہیں۔
خیال رہے 28 اپریل کو وزیراعظم شہباز شریف کے ساتھ سعودی عرب کے دورے پر جانے والے پاکستانی وفد کے ارکان کی مسجد نبوی میں حاضری کے دوران کچھ افراد نے سیاسی نعرے بازی کی تھی، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی۔
دو روز بعد یکم مئی کو توہین مسجد نبوی کے الزام میں سابق وزیراعظم عمران خان، شیخ رشید، فواد چوہدری سمیت پی ٹی آئی کے ڈیڑھ سو افراد کے خلاف مقدمات درج کیے گئے تھے۔

شیئر: