Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سرباز خان دنیا کی 10 بلند ترین چوٹیاں سر کرنے والے پہلے پاکستانی

انہوں نے 2017 میں نانگا پربت، 2018 میں کے ٹو اور 2019 میں براڈ پیک سر کرنے کا اعزاز حاصل کیا تھا (فائل فوٹو: الپائن کلب)
پاکستانی کوہ پیما سرباز خان نے دنیا کی تیسری بلند ترین چوٹی کن چن جونگا سر کرلی ہے۔ سرباز خان نے 8 ہزار 586 میٹر کی بلند چوٹی سنیچر کی صبح اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ سر کی۔  
الپائن کلب پاکستان کے مطابق ’یہ چوٹی سر کرنے کے بعد سرباز خان 8 ہزار میٹر سے بلند 14 چوٹیوں میں سے 10 چوٹیاں سر کرنے والے پہلے پاکستانی بن گئے ہیں۔‘ 
گذشتہ برس اکتوبر میں سرباز خان نے داؤ لاگیری پیک کامیابی سے سر کی تھی اور 8 ہزار میٹر سے بلند 9 چوٹیاں سر کرنے والے پہلے پاکستانی بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔ 
32 سالہ سرباز خان گلگت بلتستان کے ضلع ہنزہ کے علاقے علی آباد سے تعلق رکھتے ہیں۔ انہوں نے 2016 میں بطور کوہ پیما اپنے کیریئر کا آغاز کیا تھا۔ اپنے چھ سالہ کیریئر میں اب تک 8 ہزار میٹر سے بلند 14 چوٹیوں میں سے 10 چوٹیاں سر کرچکے ہیں۔ 
سرباز خان موسم سرما میں کے ٹو سر کرنے کی مہم جوئی کے دوران جان سے ہاتھ دھو بیٹھنے والے نامور کوہ پیما علی سدپارہ کے شاگرد ہیں۔  
اردو نیوز کو دیے گئے ایک انٹرویو میں سرباز خان نے کہا تھا کہ ’پہلی مرتبہ 8 ہزار میٹر سے بلند چوٹی علی سدپارہ کے ہمراہ سر کی تھی جس میں انہوں نے میری بہت مدد کی تھی۔‘ 
سنہ 2019 میں سرباز خان نے 8 ہزار 516 میٹر کی چوٹی ماؤنٹ لوہٹسے بغیر آکیسجن کے سر کر کے دنیا کی چوتھی بلند ترین چوٹی سر کرنے والے پہلے پاکستانی بننے کا اعزاز اپنے نام کیا تھا۔  
انہوں نے 2017 میں نانگا پربت، 2018 میں کے ٹو اور 2019 میں براڈ پیک سر کرنے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔  

سرباز خان کا کہنا ہے کہ ’میری کوشش ہے کہ آکیسجن کے بغیر دنیا کی بلند ترین چوٹیاں سر کروں‘ (فائل فوٹو: الپائن کلب)

سرباز خان 2020 میں موسم سرما میں کے ٹو سر کرنے کی مہم جوئی میں بھی شامل رہے تاہم کامیاب نہ ہوسکے۔ 
وہ ماؤنٹ ایورسٹ، گیشر بروم، کے ٹو اور انا پورنا سر کرچکے ہیں اور اس مہم جوئی کے دوران مرحوم علی سدپارہ بھی ان کے ہمراہ تھے۔ 
بچپن کے شوق کو اپنا کیریئر بنانے والے سرباز خان کہتے ہیں ہیں کہ انہوں نے اپنی مدد آپ کے تحت ہی کوہ پیمائی کو اپنا کیریئر بنایا۔’میں بچپن میں اونچے پہاڑوں کی چوٹیوں پر چراغاں کرنے جایا کرتا تھا اور پہاڑوں پر جشن منانے میں علاقے کے لوگوں کی مدد بھی کرتا تھا۔‘ 
سرباز خان نے دنیا کی 14 بلند ترین چوٹیاں سر کرنے کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔ ان کا کہنا ہے کہ ’میں دنیا کی تمام 14 بلند ترین چوٹیاں سر کرنا چاہتا ہوں۔ میری کوشش ہے کہ آکیسجن کے بغیر دنیا کی بلند ترین چوٹیاں سر کروں۔‘ 

شیئر: