Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سرباز خان 8 ہزار میٹر سے بلند نو چوٹیاں سر کرنے والے پہلے پاکستانی بننے کے قریب 

سرباز خان 8000 میٹر سے بلند 8 چوٹیاں سر کر چکے ہیں۔ فوٹو انسٹا سرباز خان
کوہ پیمائی میں پاکستان ایک اور اعزاز اپنے نام کرنے کے قریب ہے۔ اس بار ہنزہ سے تعلق رکھنے والے سرباز خان کوہ پیمائی میں پاکستان کا پرچم بلند کرنے جا رہے ہیں جو نیپال کی داؤ لاگیری پیک کے کیمپ 4 پر پہنچ چکے ہیں۔  
الپائن کلب کے سیکرٹری کرار حیدری کے مطابق ’سرباز خان اس وقت کیمپ 4 پر پہنچ چکے ہیں، جہاں سے وہ چوٹی سر کرنے سے 100 سے 150 میٹر کی دوری پر ہیں۔‘  
سرباز خان اس سے قبل 8 ہزار میٹر سے بلند 8 چوٹیاں سر کر چکے ہیں اور داؤ لاگیری پیک سر کرنے پر وہ پہلے پاکستانی کوہ پیما بن جائیں گے جنہیں 8 ہزار میٹر سے بلند 9 چوٹیاں سر کرنے کا اعزاز حاصل ہو گا۔  
سر باز خان نے داؤ لاگیری پیک سر کرنے کا سفر اتوار کو شروع کیا جبکہ کرار حیدری پر امید ہیں کہ ’سرباز خان جمعرات کی صبح چوٹی سر کرنے کا اعزاز حاصل کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔‘ 
دنیا میں 8 ہزار میٹر سے بلند کُل 14 چوٹیاں ہیں جنہیں 44 کوہ پیما سر کر چکے ہیں لیکن ان میں کوئی بھی پاکستانی شامل نہیں۔  
پاکستان کے سرباز خان دنیا کی 14 بلند ترین چوٹیاں سر کرنے کا عزم رکھتے ہیں اور اس فہرست میں پاکستان کا نام شامل کرنے کے لیے انہیں مزید 6 چوٹیاں سر کرنا ابھی باقی ہے۔  
الپائن کلب کے سیکرٹری کرار حیدری کے مطابق سرباز خان دنیا کی تین بلند چوٹیاں سر کرنے کی بھی جستجو رکھتے ہیں، وہ ماؤنٹ ایورسٹ اور کے ٹو سر کرچکے ہیں جبکہ دنیا کی تیسری بلند چوٹی ترچ میر سر کرنا ابھی باقی ہے۔  

سرباز خان دنیا کی 14 بلند ترین چوٹیاں سر کرنے کا عزم رکھتے ہیں۔ فوٹو انسٹا سرباز خان 

ہنزہ سے تعلق رکھنے والے سرباز خان  نے 8 ہزار میٹر سے بلند چوٹی نانگا پربت کو موسم سرما میں سر کیا، انہوں نے یہ اعزاز 2017 میں حاصل کیا۔ 
اس کے علاوہ انہوں نے 2018 میں دنیا کی دوسری بلند ترین چوٹی کے ٹو سر کی، جبکہ 2019 میں لوٹسے پیک سر کرنے والے پہلے پاکستانی ہونے کا اعزاز اپنے نام کیا۔  
2019 میں ہی براڈ پیک اور مناسلو پیک سر کرنے کا اعزاز حاصل کیا جبکہ 2020 میں موسم سرما کے دوران کے ٹو سر کرنے کی مہم جوئی میں شامل رہے لیکن کامیاب نہ ہوسکے۔  
سرباز خان رواں برس 8 ہزار میٹر سے بلند چوٹی انا پورنا، ایورسٹ اور گیشر برم سر کر چکے ہیں۔  

شیئر: