Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دلہن پر مقدمہ، گُردے کی پتھری برائے فروخت اور ’تائیوان پر چین کا حملہ‘

شادی میں شامل بہت سے مہمانوں کو کھانا کھانے کے بعد ایمبولینس منگوانی پڑ گئی (فوٹو: مرنڈا کیڈی)
گذشتہ ہفتے کے دوران دنیا بھر میں جہاں سنجیدہ قسم کی خبریں سامنے آتی رہیں وہیں کچھ ایسے واقعات بھی پیش آئے جن میں ہلکا پھلکا مزاح شامل تھا۔
فرانسیسی نیوز ایجنسی اے ایف پی کے مطابق کینیڈا میں ایک فلم ڈائریکٹر ڈیوڈ کروننبرگ کا نام اس وقت خبروں کی زینت بنا جب انہوں نے اپنے گردے سے نکلنے والی پتھری کو فروخت کرنے کا اعلان کیا۔
’دی کینیڈین‘ نے آپریشن سے حال ہی میں نکالی گئی ان کی گردے کے پتھری کی تصویر شائع کی جس کی این ایف ٹی کے طور پر 30 ہزار ڈالر قیمت لگائی گئی ہے۔
 ڈیوڈ کروننبرگ کے ڈاکٹر پتھری کو معائنے کے لیے بھیجنا چاہتے تھے، لیکن انہوں نے کہا کہ ’یہ اتنی خوبصورت ہے کہ اسے ضائع نہیں کیا جا سکتا۔ آخر کار یہ میرے جسم سے نکلی ہے۔‘
دلہن پر مقدمہ
امریکہ کی ریاست فلوریڈا میں شادی کی ایک تقریب میں دلہن کو خیال آیا کہ اگر کھانے میں نشہ آور جڑی بوٹی شامل کر دی جائے تو مہمان لطف اندوز ہوں، لیکن انہیں لینے کے دینے پڑ گئے۔
شادی میں شامل بہت سے مہمانوں کو کھانا کھانے کے بعد ایمبولینس منگوانی پڑ گئی جن میں دلہے کے چچا بھی تھے جنہیں ’سیزر سلاد‘ کھانے کے بعد عجیب و غریب خیالات نے گھیر لیا۔
دلہے کی چچی کو ہسپتال داخل کروانا پڑا، جبکہ دلہن کی دوست کو لگا کہ ان کے دل کی دھڑکن بند ہونے والی ہے۔
باورچی نے تسلیم کیا کہ انہوں نے کھانے میں نشہ آور جڑی بوٹی کا ستعمال کیا جس پر پولیس نے ان کے اور دلہن کے خلاف مقدمہ درج کیا۔
’تائیوان پر چین کا حملہ‘
تائیوان میں ایک ٹی وی چینل نے غلطی سے یہ خبر چلا کر افراتفری مچا دی کہ چین نے تائیون پر حملہ کر دیا ہے۔

یہ نیوز الٹ کسی حادثے کی صورت میں ڈرل کے لیے تھے جنہیں لائیو نشر کر دیا گیا (فوٹو: اے ایف پی)

چائنیز ٹیلیویژن سسٹم نے کئی نیوز الرٹ نشر کیے جن میں کہا گیا کہ ’نیو تائپئی سٹی کو کیمونسٹ پارٹی نے گائیڈڈ میزائلوں سے حملے کا نشانہ بنایا ہے۔‘
یہ نیوز الرٹ کسی حادثے کی صورت میں ڈرل کے لیے تھے جنہیں لائیو نشر کر دیا گیا۔
بعد ازاں ٹی وی چینل نے اپنے فیس بک پیج پر ’افراتفری‘ نہ پھیلانے کی اپیل کی، لیکن اس وقت تک پانی سر سے گزر چکا تھا۔

شیئر: