Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مملکت اور امارات کے شہری پاکستان سمیت کن ممالک کی سیر کا ارادہ رکھتے ہیں؟

مارچ میں بیرون ملک سفر میں 102 فیصد اضافہ ہوا۔ (فوٹو الامارات الیوم)
کورونا وبا کے بعد سیر و سیاحت کے رجحانات دریافت کرنے کے لیے’کلیئر ٹرپ‘ اور ‘ویگو‘ نے متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب کے شہریوں نیز مقیم غیرملکیوں میں فیلڈ جائزہ تیار کرکے نتائج جاری کر دیے۔ 
الامارات الیوم کے  مطابق امارات کے باشندوں نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ وہ آنے والے ایام میں پاکستان، انڈیا، مصر، قطر، نیپال، جزائر مالدیپ، سعودی عرب، اردن، جارجیا اور ترکی کی سیر کریں گے۔  
امارات اور سعودی عرب میں رہائش پذیر 4390 افراد سے ان کے سیاحتی پروگرام دریافت کیے گئے تھے۔ ان سے پوچھا گیا تھا کہ وہ  2022 کے دوران سیر و سیاحت پر کیا کچھ خرچ کریں گے اور مختصر مدتی اور طویل مدتی پروگرام کس شکل میں ترتیب دیں گے۔ 
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کئی لوگوں نے خواہش ظاہر کی ہے کہ وہ سیر و سیاحت کے لیے باہر نکلنا چاہتے ہیں تاہم ابھی ماحول پوری طرح سے ٹھیک نہیں ہوا ہے احتیاط برتنا ہوگی۔ 
کلیئر ٹرپ نے جائزہ رپورٹ میں بتایا کہ 99 فیصد کا کہنا ہے کہ وہ کورونا سے بچاؤ کی ویکسین لے چکے ہیں جبکہ ایک فیصد ایسے ہیں جنہوں نے ابھی تک ویکسین نہیں لگوائی۔ 
ویگو نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ فروری میں سیر و سیاحت کرنے والوں کی تعداد میں 81 فیصد اور مارچ کے مہینے میں 102 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ 
ویگو نے اپنی رپورٹ میں یہ بھی بتایا کہ ہوٹلوں میں بکنگ ہر موسم میں بڑھ چڑھ کر ہونے لگی ہے۔ 
ویگو کی رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ سیاحوں کی دلچسپی کے مرکز ابھی تک امارات، سعودی عرب، برطانیہ، جزائر مالدیپ، جارجیا، ترکی، سربیا، جزائر سیشلز ہیں۔ یہ اپنی سیاحتی مقبولیت برقرار رکھے ہوئے ہیں۔
2019 کے مقابلے  میں 2022 کے دوران سیاحتی اخراجات بڑھ گئے ہیں۔ مشرق وسطی اور شمالی افریقہ آنے جانے کے اخراجات میں 20 فیصد، یورپی ممالک 39 فیصد، جنوبی ایشیا کے ممالک  5 فیصد، انڈیا 21 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ 
امارات کے باشندوں کا کہنا ہے کہ وہ سیر و سیاحت کے لیے انڈیا، پاکستان، مصر، قطر، نیپال، جزائر مالدیپ، سعودی عرب، اردن، جارجیا اور ترکی جانا پسند کریں گے۔ 
سعودی شہریوں کا کہنا ہے کہ وہ مصر، امارات، قطر، فلپائن، بنگلہ دیش اور بحرین جانے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔ 
مشرق وسطی اور شمالی افریقہ میں سب سے زیادہ مقبول ترین سیاحتی ممالک امارات، سعودی عرب، مصر، انڈیا، ترکی، کویت، اردن اور مراکش بنے ہوئے ہیں۔
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: