Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عدنان صدیقی کی ’ڈاکٹر سٹرینج‘ مخالف ٹویٹ پر بحث

سوشل میڈیا صارفین نے عدنان صدیقی کو بہتر فلمیں بنانے کا مشورہ دیا ہے۔ (تصویر: مارول سٹوڈیوز)
گذشتہ دنوں عید پر پاکستانی سینما گھروں میں کئی پاکستانی فلموں کے ساتھ ہی ہالی وڈ کی مشہور فلم ’ڈاکٹر سٹرینج ان دا ملٹی ورس آف میڈنس‘ بھی ریلیز کی گئی جس پر پاکستانی اداکار عدنان صدیقی نے اعتراض اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ اس فلم کی ریلیز کچھ دن مؤخر کی جاسکتی تھی۔
پیر کو ایک ٹویٹ میں پاکستانی اداکار نے لکھا کہ ’ڈاکٹر سٹرینج کی ریلیز کے لیے کچھ دن انتظار کیا جاسکتا تھا۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے دو سال بعد انڈسٹری نے کام کرنا شروع کیا ہے ایسے میں ایک بیرونی فلم کا ہماری سکرینوں پر ’قبضہ‘ اور ہماری اپنی فلموں کو نظرانداز کرنا اچھی بات نہیں۔
انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر اطلاعات کو مخاطب کرتے ہوئے کہ پاکستانی انڈسٹری کا سینما گھروں پر زیادہ حق ہے۔
انہوں نے اپنی ٹویٹ میں اس سال عید پر ریلیز ہونے والی فلموں کے پوسٹرز بھی شیئر کیے جن میں ’دم مستم‘، ’چکر‘، ’گھبرانا نہیں ہے‘، ’تیرے باجرے دی راکھی‘ اور ’پردے میں رہنے دو‘ شامل ہیں۔
عدنان صدیقی کی اس ٹویٹ پر سوشل میڈٰیا صارفین نہ صرف تنقید کررہے ہیں بلکہ انہیں پاکستان میں اچھی فلمیں بنانے کا مشورہ بھی دے رہے ہیں۔
عبدالاحد نامی صارف نے لکھا کہ ’ملکی سینما کو بہتر مواد بنانے کی ضرورت ہے۔ کوئی کیوں لوکل سینما کو سپورٹ کرنے کے لیے پیسے خرچ کرے گا؟‘

ان کی ٹویٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے عزا سید نامی صارف نے لکھا کہ ’اگر فلم جاوید اقبال ریلیز ہورہی ہوتی تو میں دیکھ لیتی۔ شکایت نہ کریں اور بہتر فلمیں بنائیں بجائے اس کے کہ لوگوں کو مقامی فلمیں دیکھنے کے لیے مجبور کریں۔‘

فیضان حیات خان نامی صارف نے عدنان صدیقی کی ٹویٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا ’اسے ہائی جیک کرنا نہیں کہتے بلکہ ڈیمانڈ کہتے ہیں۔ لوگوں کو تمام آپشن دیے جانے چاہییں اور انہیں ہی فیصلہ کرنا چاہیے کہ وہ کیا دیکھنا چاہتے ہیں۔‘

تاہم ایسا نہیں کہ تمام سوشل میڈیا صارفین عدنان صدیقی کی رائے کی مخالفت کرتے ہیں۔ کچھ لوگ ایسے بھی ہیں جنہوں نے پاکستانی اداکار کی رائے سے اتفاق کیا۔

راجہ قیصر نامی صارف نے لکھا کہ ’ڈاکٹر سٹرینج‘ ایک بہتر فلم ہے۔ تاہم انہوں نے مزید لکھا کہ ’ہمیں دوسروں سے پہلے اپنے آرٹسٹوں اور فلموں کو سپورٹ کرنا چاہیے۔‘

واضح رہے اس سال عید پر ریلیز ہونے والی فلم ’دم مستم‘ بھی شامل ہے جس کے پروڈیوسر عدنان صدیقی خود ہیں۔ اس فلم کے مرکزی کرداروں میں عمران اشرف اور اداکارہ امر خان شامل ہیں۔

شیئر: