Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب میں ڈیش کیمز کی مقبولیت میں روز بروز اضافہ

گزشتہ برسوں میں ڈیش کیم کا استعمال بہت سے ممالک میں اپنایا گیا ہے۔ فوٹو ٹوئٹر
سعودی عرب میں سڑک حادثات کےعلاوہ راہ چلتے ہوئے پیش آنے والے دیگر واقعات کو ریکارڈ کرنے کے لیے مملکت میں ڈرائیور حضرات ڈیش کیم ڈیوائس کے رحجان کی جانب مائل ہو رہے ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق ٹریفک حادثات، سڑک خلاف ورزیوں، چوری اور دیگر وارداتوں کی صورت میں واضح ثبوت حاصل کرنے کے لیے کئی افراد اپنی گاڑیوں میں کیم ڈیوائس نصب کرا رہے ہیں۔

 خواتین حقوق کے تحفظ کے لیے اس ڈیوائس کے لیے آگے آ رہی ہیں۔ فوٹو ٹوئٹر

سعودی  وزارت صحت کی جانب سے 2019 اور 2020 کے اعداد و شمار کے مطابق ٹریفک حادثات سے ہونے والی اموات کی تعداد 2019 میں 5754 جب کہ 2020 میں 4618 اموات ریکارڈ کی گئیں، ان میں تقریباً 90 فیصد مرد حضرات تھے۔
جدہ میں واقع ڈیش کیمز فروخت کرنے والے سٹور کے مالک احمد عید العطاوی نے بتایا ہے کہ وہ ایک طویل عرصے سے ڈیش بورڈ کیمرے فروخت کر رہے ہیں مگر اب وہ اس کے باعث حادثات کے بارے میں فکر مند بھی ہیں۔
انہوں نے کہا اب ڈیش کیمز زیادہ مقبول ہو رہے ہیں کیونکہ گاڑی چلانے والے دیکھنا چاہتے ہیں کہ وہ کہاں گاڑی چلا رہے ہیں، یہ ثابت کرنے کے لیے کہ وہ تیز رفتاری سے نہیں چل رہے یا اگر کوئی حادثہ ہوا ہے تو اس کی ریکارڈنگ مل سکے۔
ڈیش بورڈ کیمرے یا ڈیش کیمز اب سڑکوں پر چلتی گاڑیوں کی اچھی خاصی تعداد میں نظر آنے لگے ہیں،اس سے قبل یہ کیمرے پولیس کی گاڑیوں اور ایمبولینسوں میں استعمال کئے جاتے رہے ہیں۔

حادثات سے ہونے والی اموات2020 میں 4618 اموات ریکارڈ کی گئیں۔ فوٹو عرب نیوز

واضح رہے کہ گزشتہ برسوں میں ڈیش کیم کا استعمال بہت سے ممالک میں اپنایا گیا ہے۔ العطاوی کا خیال ہے کہ فی الحال تقریباً پانچ میں سے ایک ڈرائیور ڈیش کیم استعمال کرتا ہے۔
سعودی عرب میں ڈیش کیم کا استعمال ابھی بھی کم ہے اور مارکیٹ کسی حد تک ابتدائی مرحلے میں ہے تاہم  ڈیش کیم کی مانگ اور استعمال میں آنے والے برسوں میں اضافے کا امکان ہے۔
احمد العطاوی نے یہ بھی انکشاف کیا ہے کہ  لاپروائی سے گاڑی چلانے کی اطلاع دینے میں مردوں کے مقابلے میں خواتین زیادہ فعال ہونا چاہتی ہیں، ہم دیکھ رہے ہیں کہ  خواتین حقوق کے تحفظ کے لیے یہ ڈیوائس لگانے کے لیے آگے آ رہی ہیں۔
انہوں نے وضاحت کی کہ  یہ چھوٹا کیمرہ  ونڈ شیلڈ پر نصب کیا جا سکتا ہے جو گاڑی کے اندرکی صورتحال یا  یا گاڑی کے سامنے جو کچھ بھی ہو رہا ہے اسے ریکارڈ کر سکتا ہے۔
اس کے ریکارڈ کیے گئے وقت کا حساب اس میں نصبSD کارڈ کی میموری چپ پر منحصر ہے، اس میں ایسے کیمرے بھی ہیں جو گاڑی کی رفتار کا ریکارڈ بھی رکھ سکتے ہیں۔
 

شیئر: