Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایمریٹس نے نئے روٹس کےلیے معاہدے پر دستخط کردیے

مکمل تعاون کے ساتھ رائل ایئرماروک کے ساتھ دستخط کیے ہیں( فائل فوٹو عرب نیوز)
متحدہ عرب امارات کی فضائی کمپنی ایمریٹس ائیر لائن کے ایک اعلیٰ ایگزیکٹو کے مطابق ایمریٹس اور رائل ایئرماروک نے نئے روٹس تیار کرنے کے لیے شراکت داری کے معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔
دبئی میں عربین ٹریول مارکیٹ ایونٹ میں عرب نیوز سے بات کرتے ہوئے ایمریٹس کے چیف کمرشل آفیسرعدنان کاظم نے انکشاف کیا کہ دونوں ایئرلائنز دبئی اور کاسا بلانکا کے درمیان مزید سفرکے اختیارات اور رابطوں کی پیشکش کریں گی۔
عدنان کاظم نےعرب نیوز کو بتایا کہ ’ہم نے صرف ایک گھنٹہ پہلے کوڈ شیئر پر مکمل تعاون کے ساتھ رائل ایئرماروک کے ساتھ دستخط کیے ہیں۔‘
ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ دونوں ایئر لائنز کاسا بلانکا اور دبئی سے اپنے مارکیٹنگ کوڈز کے لیے مشترکہ 209 مقامات کا استعمال کریں گی۔
کوڈ شیئر معاہدے کے حصے کے طور پر صارفین سنگل ٹکٹ، کثیرسفری پروازوں اور سامان کی منتقلی پر زیادہ مسابقتی کرایوں سے بھی مستفید ہوں گے۔
ایمریٹس کے ایک بیان کے مطابق ٹریول ایجنٹس، آن لائن ٹریول ایجنسیاں اور ریٹیل سیلز دفاتر نئی کوڈ شیئر پروازیں فروخت کررہے ہیں۔
ایمریٹس کے چیف کمرشل آفیسرعدنان کاظم نے کہا کہ ایمریٹس اس ایونٹ کو مزید شہروں اور ٹورازم بورڈز کے ساتھ دستخط کرنے کے لیے استعمال کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ ابوظبی ایمریٹس کے ساتھ بھی معاہدہ کرے گا۔
ایمریٹس نے ایونٹ کے پہلے دن کو اپنی چوتھی کلاس پریمیم اکانومی شروع کرنے کے لیے استعمال کیا جو یکم جون 2022 سے مسافروں کے لیے دستیاب ہو گا۔
عدنان کاظم نے عرب نیوز کو بتایا کہ ’اس کی مانگ بہت زیادہ ہو گی۔‘
ایمریٹس کے چیف کمرشل آفیسر نے کویڈ 19 کے بعد کے توسیعی منصوبوں کے بارے میں کہا کہ کمپنی نے 90 فیصد نیٹ ورک بحال کر لیا ہے کیونکہ اس کی بنیادی توجہ کوورنا کی وبا سے پہلے کی سطح پر واپسی پر تھی۔
انہوں نے کہا کہ ایمریٹس اگلے سال تک کووڈ 19 سے پہلے کی سطح کے 200 فیصد تک پہنچنے کا ارادہ رکھتا ہے۔

شیئر: