Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ٹوئٹر اکاؤنٹ پر فالوئرز کی تعداد کم کیوں ہو رہی ہے؟

کمپنی جعلی ٹوئٹر اکاؤنٹس کو ختم کرنے کے لیے اکثر اس نوعیت کے اقدام اٹھاتی ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک مرتبہ پھر صارفین کی جانب سے فالوئرز کم ہونے کی شکایات سامنے آئی ہیں۔ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل نے بھی اپنی ایک ٹویٹ میں فالورز کی کمی کا شکوہ کیا جس کے بعد دیگر صارفین نے بھی جانے والے فالوئرز کی تعداد گنوانا شروع کر دی۔
شہباز گل کی ٹویٹ کے جواب میں اکثر صارفین نے نہ صرف فالوئرز کم ہونے کی خبر سے اتفاق کیا بلکہ مضحکہ خیز انداز میں میمز بھی بناتے رہے۔
صارفین کا کہنا تھا کہ جانے والے فالوورز میں شاید ’بوٹ‘ یعنی جعلی اکاؤنٹس شامل ہیں۔
اس سے قبل بھی نامور شخصیات اور صارفین ٹوئٹر فالوئرز کم ہونے کی شکایت کرتے رہے ہیں۔
اس حوالے سے کی جانے والے ٹویٹ میں شہباز گل کا کہنا تھا کہ ’میرے 50 ہزار فالوئرز ایک دم غائب ہوگئے ہیں لگتا ہے ان کو بھی کوئی مقصود چپڑاسی ٹکر گیا ہے۔‘

ٹوئٹر صارف ساجد خان نے لکھا کہ ’میرے ساتھ بھی یہی مسئلہ ہوا ہے‘

ٹوئٹر صارف عابد حسین نے اس حوالے سے اپنی رائے شئیر کرتے ہوئے کہا کہ یہ وہ فیک اکاؤنٹس اڑائے جا رہے ہیں جو کسی اور کا نام استعمال کر کے بنائے جاتے ہیں جن میں کئی مشہور صحافیوں کے اکاؤنٹ بھی ہیں۔

یاد رہے کہ سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی 2019 میں ٹوئٹر کے سابق چیف ایگزیکٹیو جیک ڈارسی سے ایک ملاقات کے دوران اپنے ٹوئٹر فالوئرز کی تعداد میں کمی کا شکوہ کیا تھا۔
جس کے جواب میں میں جیک ڈارسی نے ڈونلڈ ٹرمپ کو بتایا تھا کہ اکثر جعلی ٹوئٹر اکاؤنٹس کو ختم کرنے کے لیے کمپنی اس نوعیت کے اقدام اٹھاتی ہے۔
ٹوئٹر کے سابق چیف ایگزیکٹو کی وضاحت کے باوجود ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی ٹویٹ میں کہا تھا کہ ریپبلکن پارٹی کا رکن ہونے کے باعث ٹوئٹر کمپنی ان سے تعصب رکھتی ہے۔
ایک اور ٹوئٹر صارف احسن محبوب نے لکھا کہ ’سب بوٹ (اکاؤنٹ) چلے گئے۔‘
ٹوئٹر کے پبلک پالیسی ڈائریکٹر کارلوس مونشے نے گذشتہ برس امریکی سینیٹ میں سماعت کے دوران واضح کیا تھا کہ ان کی کمپنی سے متعلق فیصلے اور ٹوئٹر پر شائع کیے جانے والے مواد کا تعین سیاسی نظریات اور پارٹی وابستگیوں کی بنیاد پر نہیں کیا جاتا۔

شیئر: