Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان میں شدید گرمی، ’درجہ حرارت میں کمی کا امکان نہیں‘

ملک کے بالائی حصوں میں سے کچھ میں بارش کی توقع ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان میں کئی روز سے جاری شدید گرمی کی لہر میں کمی کا کوئی امکان نہیں ہے تاہم ملک کے کچھ حصوں میں بارش کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کردہ تفصیل کے مطابق جمعے کو اسلام آباد سمیت ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک جبکہ میدانی علاقے شدید گرمی کے زیراثر رہیں گے۔
ملک کے وسطی اور جنوبی میدانی اضلاع میں گردآلود ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔
گلگت بلتستان (نگر،غذر، ہنزہ اور بابوسر) میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ  تیز ہواؤں اورگرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے جبکہ پاکستان کے زیرانتظام کشمیر میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے اور تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔
پاکستان کے زیرانتظام کشمیر اورگلگت بلتستان میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اورگرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب اور خیبر پختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک جبکہ میدانی علاقے شدید گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے۔
سندھ کے بیشتر علاقے بھی شدید گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے۔ وسطی اور جنوبی میدانی اضلاع میں بعد از دوپہر گرد آلود ہواؤں کی توقع ہے جبکہ بلوچستان کے بیشترعلاقے شدید گرمی کے زیراثر رہیں گے۔ وسطی اور جنوبی میدانی اضلاع میں بعداز دوپہر گرد آلود ہواؤں کی توقع ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کا موسم

محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشترعلاقوں میں موسم گرم اور خشک جبکہ میدانی علاقوں میں شدید گرم رہا۔ تاہم بالائی دیراور پٹن میں 20 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
جمعرات کو ریکارڈ کیے گئے زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت جیکب آباد میں 50، سبی اور ڈیرہ غازی خان میں 49، دادو، موہنجودڑو، لاڑکانہ اور بارکھان میں 48 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
ملتان میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 47، فیصل آباد میں 44، اسلام آباد، پشاور اور مظفرآباد میں 40، کراچی میں 37 اور کوئٹہ میں 35 درجے ریکارڈ کیا گیا ہے۔

شیئر: