Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شیخ خلیفہ نے امارات کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا: عالمی رہنما

2005 میں صدر شیخ خلیفہ بن زاید النہیان نے عمان کا دورہ کیا تھا۔ (فوٹو: اے ایف پی)
عرب ممالک سمیت دنیا بھر سے عالمی رہنماؤں نے متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ خلیفہ بن زاید النہیان کی وفات پر دکھ کا اظہار کیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق عمان نے متحدہ عرب امارات کے صدر کی وفات پر تین دن کے قومی سوگ کا اعلان کیا تھا۔
عمان کے سلطان ہیثم بن طارق نے کہا کہ ’ان کی سلطنت متحدہ امارات کی قیادت، حکومت اور عوام کے غم میں شریک ہے۔‘
اپنے بیان میں قطر کے امیر شیخ تمیم بن حماد الثانی نے کہا ہے کہ ’شیخ خلیفہ بن زاید النہیان کے انتقال سے ہم ایک عظیم رہنما سے محروم ہو گئے ہیں جو دور اندیش اور اعتدال پسند تھے۔ انہوں نے اپنی زندگی اپنے ملک اور قوم کی خدمت کے لیے وقف کر دی تھی۔‘
کویت کے امیر نواف الاحمد الجابر الصباح نے کہا کہ ’عرب اور اسلامی ممالک اپنے ایک رہنما سے محروم ہو گئے ہیں۔ اس عظیم انسان نے اپنی زندگی اپنے ملک، عوام، عرب اور اسلامی مقامصد کے دفاع کے لیے وقف کر دی تھی۔‘
عرب لیگ کے سیکریٹری جنرل احمد ابو الغیط نے متحدہ عرب امارات کی قیادت، حکومت اور عوام کے نام تعزیتی بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ عرب لیگ تین دن کا سوگ منائے گی اور رکن ممالک کے پرچم سرنگوں ہوں گے۔‘
اردن کے شاہ عبداللہ دوم نے ٹویٹ کیا کہ ’ہم نے ایک عزیز بھائی اور شاندار رہنما کو کھو دیا ہے جن کو اپنے محروم عظیم والد شیخ زاید سے دوراندیشی اور حکمت وراثت میں ملی۔ انہوں نے اپنی زندگی اپنے ملک، عرب اور اسلامی ممالک کی خدمت کے لیے وقف کی۔‘

شیخ خلیفہ دانائی، تدبر اور سخاوت کے طور پر جانے جاتے تھے۔ (فوٹو: اے ایف پی)

عراق کے صدر برہم صالح نے کہا ہے کہ ’شیخ خلیفہ اپنے ملک، عرب اور اسلامی ممالک کے لیے دانائی، تدبر اور سخاوت کے طور پر جانے جاتے تھے۔‘
عراقی وزیراعظم مصطفیٰ الکاظمی نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ ’ہم پُراعتماد ہیں کہ اس عظیم رہنما نے ترقی کے لیے جو کام کیا وہ ان کے ملک کی قیادت اور عوام کی کوششوں سے جاری ہوگا۔‘
اسرائیل کے وزیراعظم نفتالی بینیٹ نے کہا کہ ’شیخ خلیفہ کے زبردست کاموں کی اسرائیل میں بہت تعریف کی جاتی ہے۔ اسرائیل کی ریاست اس مشکل وقت میں متحدہ عرب امارات کے ساتھ کھڑی ہے۔‘
اسرائیل کے صدر اسحاق ہرزوگ نے شیخ خلیفہ کی وفات کو ’متحدہ عرب امارات میں دوستوں اور پورے خطے کے لیے ایک بڑا نقصان قرار دیا ہے۔‘
متحدہ عرب امارات کے سیکریٹری جنرل انتونیو گتریس نے ان کی وفات پر شاہی خاندان، حکومت اور عوام سے تعزیت کا اظہار کیا۔

2005 میں شیخ خلیفہ بن زاید النہیان ابوظبی میں شاہ عبداللہ کے ساتھ۔ (فوٹو: اے ایف پی)

ایرانی وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے اپنے امارتی ہم منصب کو لکھے گئے ایک خط میں شیخ خلیفہ کی وفات پر ’دکھ اور افسوس‘ کا اظہار کیا۔
انڈیا نے سنیچر کو شیخ خلیفہ کی وفات پر ایک روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔
انڈیا کے وزیراعظم نریندر مودی نے ٹویٹ کیا کہ وہ ان کی وفات کی خبر پر ’بہت غمزدہ‘ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شیخ خلیفہ ایک عظیم سیاستدان اور بصیرت رکھنے والے رہنما تھے جن کی قیادت میں انڈیا اور متحدہ عرب امارات کے تعلقات میں اضافہ ہوا۔‘
برطانوی وزیراعظم نے کہا کہ وہ ان کی وفات پر غمزدہ ہیں۔ ’وہ ایک دانشمند اور قابل احترام رہنما تھے۔‘
اطالوی وزیراعظم سرجیو ماتریلا نے دبئی کے حکمران اور امارات کے قائمقام صدر شیخ محمد بن راشد المختوم کو اپنے پیغام میں شیخ خلیفہ کی وفات پر تعزیت کا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا۔

شیئر: