Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امارات کے صدر شیخ خلیفہ بن زاید انتقال کرگئے، ابوظبی میں تدفین

شیخ خلیفہ بن زاید ال نہیان کے انتقال پر 40 روزہ سرکاری سوگ کا اعلان کیا گیا ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ خلیفہ بن زاید ال نہیان جمعے کو انتقال کرگئے۔
متحدہ عرب امارات کی وزارت برائے صدارتی امورنے شیخ خلیفہ بن زاید ال نہیان کے انتقال پر قومی سوگ کا اعلان کیا ہے۔
اماراتی نیوز ایجنسی ’وام‘ کے مطابق صدارتی امور کی وزارت نے شیخ خلیفہ بن زاید ال نہیان کے انتقال پر 40 روزہ سرکاری سوگ کا اعلان کیا ہے۔ 
اماراتی صدر شیخ خلیفہ بن زاید ال نہیان کے انتقال پر متحدہ عرب امارات میں تمام وزارتوں، سرکاری و نجی اداروں اور سکولوں میں آج بروز جمعہ 13 مئی سے 3 روز تک تعطیل رہے گی۔
شیخ خلیفہ بن زاید ال نہیان کو جمعے کو ہی ابوظبی کے البطین قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔ ابوظبی کی شیخ سلطان بن زاید مسجد میں نماز جنازہ ادا کی گئی جس میں ابوظبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زاید اور آل نہیان فیملی کے ارکان نے شرکت کی۔
اماراتی صدر نے 2 نومبر 2004 کو متحدہ عرب امارات کے دوسرے صدر کی حیثیت سے عہدہ سنبھالا اور ابوظبی کے 16 ویں حکمران کے طور پر اپنے والد شیخ زاید بن سلطان ال نہیان کی جگہ سنبھالی۔
وہ 7 ستمبر 1948 کو العین شہر میں پیدا ہوئے تھے اور اپنے بھائیوں میں سب سے بڑے تھے۔

امارات نے ایک صالح بیٹا اور قائد کھو دیا: ولی عہد ابوظبی

ابوظبی کے ولی عہد محمد بن زاید ال نہیان نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’متحدہ عرب امارات نے ایک صالح بیٹا اور قائد کھو دیا ہے۔‘

ولی عہد محمد بن زاید ال نہیان کے مطابق مرحوم کے کارنامے ملک کے کونے کونے تک پھیلے ہوئے ہیں (فائل فوٹو: روئٹرز)

ان کا مزید کہنا تھا کہ ’امارات نے ایک نیک بیٹے اور بااختیار بنانے کا سفر جاری رکھنے والے ایک معتمد قائد کو کھو دیا ہے۔‘
ولی عہد محمد بن زاید ال نہیان کا مزید کہنا تھا کہ ’شیخ خلیفہ بن زاید ال نہیان کے کارنامے، حکمت، سخاوت اور دوسری بہت سی خصوصیات ملک کے کونے کونے تک پھیلی ہوئی ہیں۔ میرے بھائی خلیفہ بن زاید، اللہ آپ پر رحم کرے اور جنت میں جگہ دے۔‘

شیئر: