Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

صدر یو اے ای کی وفات پر پاکستان کا اظہارِ افسوس، ملک میں 3 روزہ سوگ

متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ خلیفہ بن زاید ال نہیان جمعے کو انتقال کرگئے تھے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ خلیفہ بن زاید ال نہیان کے انتقال پر گہرے رنج کا اظہار کیا ہے۔
جمعے کو شیخ خلیفہ بن زاید ال نہیان کی وفات کے بعد وزیراعظم شہباز شریف نے ٹویٹ میں لکھا کہ ’وہ یو اے ای کے صدر کے انتقال کی خبر سن کر گہرے دکھ میں ہیں۔‘
ان کے مطابق ’مرحوم پاکستان کے ایک عظیم دوست تھے۔‘
شہباز شریف نے مزید لکھا کہ ’متحدہ عرب امارات نے ایک ویژنری قائد جبکہ پاکستان نے ایک عظیم دوست کو کھو دیا ہے۔ ہم یو اے ای کی حکومت اور عوام کے ساتھ تعزیت کرتے ہیں اور دعا کرتے ہیں کہ اللہ ان کی مغفرت فرمائے۔‘
اسی طرح وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے بھی شیخ خلیفہ بن زاید ال نہیان کی وفات پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یو اے ای کی ترقی کے لیے انہوں نے جو کردار ادا کیا وہ ناقابل فراموش ہے۔
 وزارت خارجہ کے مطابق بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ شیخ خلیفہ بن زاید ال نہیان کی وفات سے عرب خطہ ایک اہم قائد سے محروم ہوگیا ہے۔

وزیر خارجہ بلاول بھٹو کے مطابق ’عرب خطہ ایک اہم قائد سے محروم ہو گیا ہے‘ (فائل فوٹو: پی پی پی ٹوئٹر)

پاکستان کی فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کی جانب سے بھی اماراتی صدر کے انتقال پر دکھ کا اظہار کیا گیا ہے۔
پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی ٹویٹ میں بتایا گیا ہے کہ ’آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور پاک فوج کے تمام رینکس کے افسران وفات پر دلی دکھ کا اظہار کرتے ہیں۔‘
ٹویٹ میں مزید لکھا گیا ہے کہ ’پاکستان ایک عظیم دوست سے محروم ہو گیا ہے، اللہ ان کی مغفرت کرے اور ان کے خاندان کو یہ ناقابل تلافی نقصان برداشت کرنے کی ہمت عطا فرمائے۔ آمین‘
پاکستان میں تین روزہ سوگ کا اعلان
متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ خلیفہ بن زاید ال نہیان کے انتقال پر حکومت پاکستان نے تین روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔
جمعے کو پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ (پی آئی ڈی) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق امراتی صدر کے انتقال پر پاکستان میں تین روز تک سوگ منایا جائے گا۔‘
’پاکستان میں 13 سے 15 مئی (جمعے سے اتوار) تک ملک میں قومی پرچم سرنگوں رہے گا۔‘

شیئر: