Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شیخ محمد بن زاید متحدہ عرب امارات کے نئے صدر منتخب

اماراتی صدر شیخ خلیفہ بن زاید ال نہیان جمعے کو 73 برس کی عمر میں انتقال کرگئے تھے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
متحدہ عرب امارات کی اعلٰی کونسل نے شیخ محمد بن زاید آل نہیان کو ملک کا صدر منتخب کر لیا ہے۔
متحدہ عرب امارات کی سرکاری خبر رساں ایجنسی وام کے مطابق سنیچر کو ملک کی سات ریاستوں کے حکمرانوں نے ابوظبی کے المشرف پیلس میں منعقدہ ایک اجلاس میں شیخ محمد بن زاید آل نہیان کے حق میں متفقہ طور پر ووٹ دیا۔
واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ خلیفہ بن زاید آل نہیان جمعے کو 73 برس کی عمر میں انتقال کر گئے تھے۔
دبئی کے حکمراں شیخ محمد بن راشد المکتوم نے ووٹ دینے کے بعد ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ ’ہم ان کو مبارک باد پیش کرتے ہیں اور ہم ان سے بیعت کرتے ہیں، اور ہمارے لوگ ان سے بیعت کرتے ہیں۔‘
’اللہ نے چاہا تو ان کی رہنمائی میں پورا ملک عزت و تکریم کی راہوں پر گامزن ہو گا۔‘
شارجہ کے حکمراں شیخ سلطان بن محمد القاسمی نے بھی امارات کے نئے صدر کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ’شیخ محمد نے متحدہ عرب امارات کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا تھا اور (کردار) ادا کرتے رہیں گے۔‘
’ہم صدر شیخ محمد بن زید آل نہیان کو مبارک باد پیش کرتے ہیں اور اللہ تعالی سے دعا گو ہیں کہ وہ انہیں کامیابی اور خوشحالی عطا فرمائے۔‘
صدر شیخ محمد بن زاید آل نہیان نے ’اپنے بھائیوں، اعلیٰ شخصیات، فیڈرل سپریم کونسل کے ممبران کے ان پر اعتماد کی تعریف کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ان کو کامیاب کرے اور اس عظیم ذمہ داری کو نبھانے اور متحدہ عرب امارات اور اس کے عوام کی خدمت کرنے میں مدد کرے۔‘
توقع ہے کہ عالمی رہنما اور سفارت کار آنے والے دنوں میں ابوظبی کا دورہ کریں گے اور سابق صدر کے انتقال پر افسوس اور نئے صدر سے ملاقات کریں گے۔
یہ واضح نہیں ہے کہ آیا امریکی صدر جو بائیڈن شیخ خلیفہ بن زاید آل نہیان کے انتقال کے بعد تعزیت کے لیے ابوظہبی جانے والے عالمی رہنماؤں میں شامل ہوں گے۔ جبکہ فرانسیسی صدر ایمانوئل میخواں اتوار کو پہنچ رہے ہیں۔
متحدہ عرب امارات کے صدر کے سفارتی مشیر ڈاکٹر انور گرگیش کا کہنا ہے کہ ’متحدہ عرب امارات میں اقتدار کی ہموار منتقلی ادارہ جاتی مضبوطی اور حکمرانی اور استحکام کے جدید معیارات کی عکاسی کرتی ہے۔‘
’ہم متحدہ عرب امارات کی نعمتوں پر خدا کا شکر ادا کرتے ہیں اور شیخ محمد بن زاید سے وفاداری کا عہد کرتے ہیں۔ خدا ان کی بطور صدر اور رہنما حفاظت کرے۔‘

ملک کی سات ریاستوں کے حکمرانوں نے شیخ محمد بن زاید آل نہیان کے حق میں متفقہ طور پر ووٹ دیا۔ (فائل فوٹو: روئٹرز)

خیال رہے کہ شیخ خلیفہ بن زاید آل نہیان کو جمعے کو ہی ابوظبی کے البطین قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔
ابوظبی کی شیخ سلطان بن زاید مسجد میں نماز جنازہ ادا کی گئی جس میں شیخ محمد بن زاید اور آل نہیان فیملی کے ارکان نے شرکت کی تھی۔
صدارتی امور کی وزارت نے شیخ خلیفہ بن زاید آل نہیان کے انتقال پر 40 روزہ سرکاری سوگ کا اعلان کر رکھا ہے۔ 
شیخ محمد بن زاید نے 2 نومبر 2004 کو متحدہ عرب امارات کے دوسرے صدر کی حیثیت سے عہدہ سنبھالا اور ابوظبی کے 16 ویں حکمران کے طور پر اپنے والد شیخ زاید بن سلطان آل نہیان کی جگہ سنبھالی تھی۔
وہ 7 ستمبر 1948 کو العین شہر میں پیدا ہوئے تھے اور اپنے بھائیوں میں سب سے بڑے تھے۔

’امارات نے ایک صالح بیٹا اور قائد کھو دیا‘

شیخ خلیفہ کے انتقال پر ابوظبی کے اس وقت کے ولی عہد اور موجودہ صدر محمد بن زاید آل نہیان نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’متحدہ عرب امارات نے ایک صالح بیٹا اور قائد کھو دیا ہے۔‘

اعلٰی کونسل کے اجلاس میں شیخ محمد بن زاید کو صدر کا عہدہ دینے پر اتفاق ہوا ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)

ان کا مزید کہنا تھا کہ ’امارات نے ایک نیک بیٹے اور بااختیار بنانے کا سفر جاری رکھنے والے ایک معتمد قائد کو کھو دیا ہے۔‘
محمد بن زاید آل نہیان کے مطابق ’شیخ خلیفہ بن زاید آل نہیان کے کارنامے، حکمت، سخاوت اور دوسری بہت سی خصوصیات ملک کے کونے کونے تک پھیلی ہوئی ہیں۔ میرے بھائی خلیفہ بن زاید، اللہ آپ پر رحم کرے اور جنت میں جگہ دے۔‘

شیئر: