Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وزیراعظم شہباز شریف شیخ خلیفہ کی وفات پر تعزیت کے لیے امارات جائیں گے

جمعے کو امارات کے صدر شیخ خلیفہ انتقال کر گئے تھے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
وزیراعظم شہباز شریف امارات کے صدر شیخ خلیفہ بن زاید النہیان کی وفات پر تعزیت کے لیے متحدہ عرب امارات جائیں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سنیچر کو وزیراعظم شہباز شریف لندن سے متحدہ عرب امارات روانہ ہوں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف اتوار کو امارات کے ولی عہد شیخ محمد بن زاید النہیان سے مرحوم صدر کی وفات پر تعزیت کریں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ’پاکستان کے عظیم دوست شیخ زاید کی وفات کے بعد شیخ خلیفہ بن زاید نے اپنے والد کے مشن کو قابلیت سے آگے بڑھایا۔‘
ان کا کہنا تھا کہ شیخ زاید نے امارات کی فیڈریشن کی بنیاد رکھی تھی اور شیخ خلیفہ نے اسے مزید مضبوط کیا اورمثالی ترقی دی۔
’50 سال کی مسلسل محنت سے شیخ خلیفہ نے یواے ای کے لیے اپنے والد کے ترقیاتی وژن کو نئی بلندیوں سے ہمکنار کیا۔‘
وزیراعظم نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ ’شیخ خلیفہ مرحوم نے اپنے دور میں مشاورت کو اپنی قوت بنایا، وہ عوام سے رابطے میں رہتے تھے۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’وہ اعلٰی تعلیم یافتہ اور زیرک شخصیت تھے جنہوں نے اپنے اقتدار کو ملک اور عوام کی خدمت کے لیے وقف رکھا۔ شیخ زاید کی طرح شیخ خلیفہ بن زاید النہیان کی وفات امت مسلمہ کا ایک بڑا نقصان ہے۔‘

شیئر: