Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عالمی رہنماؤں کے امارات کے نئے صدر کو مبارک باد کے پیغامات

امریکی صدر نے بھی شیخ محمد بن زاید آل نہیان کو ان کے صدر منتخب ہونے پر مبارک باد دی ہے۔ (فائل فوٹو: روئٹرز)
شیخ محمد بن زاید آل نہیان کے متحدہ عرب امارات کے صدر منتخب ہونے کے بعد انہیں مشرق وسطیٰ سمیت پوری دنیا سے مبارک باد کے پیغامات موصول ہو رہے ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے شیخ محمد بن زاید آل نہیان کو متحدہ عرب امارات کا صدر منتخب ہونے پر مبارک باد دی ہے۔
امریکی صدر نے بھی شیخ محمد بن زاید آل نہیان کو ان کے صدر منتخب ہونے پر مبارک باد دی ہے۔
متحدہ عرب امارات کے صدر کے سفارتی مشیر ڈاکٹر انور گرگیش کا کہنا ہے کہ ’متحدہ عرب امارات میں اقتدار کی ہموار منتقلی ادارہ جاتی مضبوطی اور حکمرانی اور استحکام کے جدید معیارات کی عکاسی کرتی ہے۔‘
سرکاری خبر رساں ایجنسی وام کے مطابق سنیچر کو ملک کی سات ریاستوں کے حکمرانوں نے ابوظبی کے المشرف پیلس میں منعقدہ ایک اجلاس میں شیخ محمد بن زاید آل نہیان کے حق میں متفقہ طور پر ووٹ دیا۔
عمان کے سلطان هيثم بن طارق، امیر قطر تمیم بن حماد، بحرین کے فرمانروا حمد بن عيسى آل خليفہ، اردن کے فرمانروا شاہ عبداللہ دوم اور مراکش کے بادشاہ محمد ششم نے بھی نئے صدر کو مبارک باد کے پیغامات بھیجے ہیں۔
شیخ محمد بن زاید آل نہیان کو مبارکباد دینے والے دیگر رہنماؤں میں فلسطین کے صدر محمود عباس، عراق کے صدر برہم صالح، مصر کے عبدالفتاح السیسی اور روس کے صدر ولادیمیر پوتن شامل ہیں۔
روسی صدر نے کہا ہے کہ ’ہمیں امید ہے کہ روس اور متحدہ عرب امارات کے درمیان مشترکہ کام جاری رہے گا۔‘
تنظیم تعاون اسلامی نے بھی مبارک باد کے پیغامات بھیجے ہیں۔

شیئر: