Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وزیراعظم شہباز شریف کی امارات میں شیخ بن زاید النہیان کے ساتھ تعزیت

متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ خلیفہ بن زاید ال نہیان 13 مئی کو انتقال کر گئے تھے (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کے وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے آج ابوظہبی میں مرحوم شیخ خلیفہ بن زاید النہیان کے انتقال پر صدر شیخ محمد بن زاید النہیان سے تعزیت کی۔
اتوار کو وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق تعزیتی اجلاس میں شاہی خاندان کے دیگر افراد بھی موجود تھے۔
وزیر اعظم کے ہمراہ وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ اور متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے سفیر افضل محمود بھی تھے۔
وزیراعظم نے متحدہ عرب امارات کی قیادت سے پاکستان کی قیادت، حکومت اور عوام کی گہری ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔
پاکستان اور متحدہ عرب امارات قریبی برادرانہ تعلقات میں بندھے ہوئے ہیں۔ مرحوم شیخ خلیفہ بن زاید النہیان کی قیادت میں پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے تعلقات نے نئی بلندیوں کو چھوا۔ وہ پاکستان کے مخلص دوست تھے۔ ان کی گراں قدر خدمات کو پاکستان کی حکومت اور عوام دیر تک یاد رکھیں گے۔‘
بیان میں کہا گیا کہ ’متحدہ عرب امارات کے لوگوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے حکومت پاکستان نے 13 سے 15 مئی 2022 تک تین روزہ قومی سوگ کا اعلان کیا ہے، جس میں قومی پرچم سرنگوں رہے گا۔‘
متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ خلیفہ بن زاید النہیان 13 مئی کو انتقال کر گئے تھے۔ جس کے بعد متحدہ عرب امارات کی وزارت برائے صدارتی امور نے قومی سوگ کا اعلان کیا تھا۔
 

شیئر: