Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پی ٹی آئی کا فیصل آباد اور مسلم لیگ ن کا گجرات میں طاقت کا مظاہرہ

عمران خان نے کہا حکومت گرانے پر لوگ مٹھائیاں بانٹنے کے بجائے سڑکوں پر آگئے۔ (فوٹو: فیس بک عمران خان)
پاکستان میں اتوار کو ایک طرف گرمی کی شدت برقرار رہی تو دوسری طرف سیاسی میدان کا پارہ بھی کافی ہائی رہا۔
پاکستان تحریک انصاف نے فیصل آباد میں میدان سجایا تو حکمران جماعت مسلم لیگ نے گجرات میں سیاسی طاقت کا مظاہرہ کیا۔
پاکستان ساحلی شہر کراچی میں پاک سرزمین پارٹی نے باغ جناح میں عوامی قوت کا مظاہرہ کیا۔

مجھے کچھ ہوا تو عوام ذمہ داروں کو کٹہرے میں لائیں: عمران خان

فیصل آباد میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ مجھے کچھ ہوا تو پاکستان کے عوام مجھے انصاف دلائیں۔
عمران خان نے کہا کہ انہیں پتا چلا کہ بند کمروں میں سازش ہو رہی ہے کہ عمران خان کا کیا کریں۔ ’یہ ہر امتحان سے نکل گیا۔ کورونا سے بھی نکل گئے۔ دنیا نے تعریف کی۔ اپنی معیشت کو بچایا اور مزدوروں کو بھی بچایا۔ تو پھر انہوں نے سازش کرکے حکومت گرائی۔ انہوں نے سوچا کہ لوگ مٹھائیاں بانٹیں گے۔ انہوں نے دیکھا کہ لوگ تو سڑکوں پر آ گئے ہیں۔
سابق وزیر اعظم کے مطابق ان کو خوف آنا شروع ہو گیا کہ اسلام آباد میں لوگوں کا سمندر آنے والا ہے۔ اس لیے انہوں نے سوچا کہ اس کو ویسے ہی ختم کر دیا جائے۔
میں نے ویڈیو میں ایک ایک کا نام لیا ہے جس نے یہ سازش کی۔ مجھے پتا ہے کہ کبھی بھی اس ملک میں طاقتور مجرم کو نہیں پکڑا جاتا۔ لیاقت علی خان، ذوالفقار بھٹو اور کسی کا پتا نہیں چلا کہ انہیں کس نے مارا۔ اس لیے میں نے یہ ویڈیو ریکارڈ کروائی۔‘

عمران خان نے کہا کہ ان کو خوف آنا شروع ہو گیا کہ اسلام آباد میں لوگوں کا سمندر آنے والا ہے۔ (فوٹو: فیس بک)

جلسے کے شرکا کو مخاطب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ’میں نے آپ سب کو کہا کہ جب آپ اس ویڈیو کو دیکھیں گے تو مجھے اور اس ملک کو انصاف دلوانا ہے۔ آپ نے کسی قسم کی غلامی قبول نہیں کرنی۔

’الیکشن تب ہوں گے جب نواز شریف فیصلہ کریں گے‘

پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما مریم نواز شریف نے کہا ہےعمران خان کہتا ہے میں نے اسٹیبلشمنٹ کے نمبر بند کر دیے ہیں لیکن ان کا رونا بتا رہا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ نے ان کا نمبر بند کر دیا ہے۔
اتوار کو گجرات میں جسلہ عام سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ ’جس نمبر پر تم فون کر رہے ہو وہ بدل گیا ہے۔ آگے سے آواز آتی ہے کہ آپ کو مطلوبہ سہولت میسر نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کہتا ہے کہ فوری الیکشن کراؤ لیکن اب الیکشن تب ہوں گے جب ہمارا قائد نواز شریف لندن سے فیصلہ کرے گا۔

مریم نواز کا کہنا ہے کہ الیکشن تب ہوں گے جب ہمارا قائد نواز شریف لندن سے فیصلہ کرے گا۔ (فوٹو: سکرین گریب)

مریم نواز کا مزید کہنا تھا کہ ’جب وہ عمران خان کی چیخ و پکار دیکھتی ہیں تو اس بچے کی یاد آتی ہے جس نے امتحان کی تیاری نہیں کی ہوتی اور ماں باپ سے کہتا ہے امی مجھے بخار ہو گیا، مجھے زکام ہوگیا۔
عمران خان بھی ایسے ہی رو رہا ہے۔ جب سر پر امتحان کا ٹائم آیا تو پہلے جعلی خط آیا، پھر بین الاوقامی سازش بھی پٹ گئی تو پھر کہتا ہے کہ میری جان کو خطرہ ہے۔
’رانا ثنااللہ سے کہتی ہوں ان سے ویڈیو لیں۔ کسی حادثے سے پہلے ویڈیو سامنے لاؤ۔ میں ضمانت دیتی ہوں کہ تمہیں شہباز شریف سے زیادہ سکیورٹی ملے گا۔‘

شیئر: