Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امارات میں گرین اقامہ ہولڈرز کو ملنے والی سہولتیں کیا ہیں؟

بیٹے 25 سال تک باپ کے اقامے پر رہ سکتے ہیں۔ (فوٹو: الامارات الیوم)
متحدہ عرب امارات نے عام اقامہ ویزے اور گرین اقامے میں فرق اور گرین اقامہ ہولڈرز کےلیے فوائد کے حوالے سے بیان جاری کیا ہے۔
الامارات الیوم کے مطابق سرکاری ویب سائٹ پر بتایا گیا کہ گرین اقامہ 2021 میں متعارف کرایا گیا۔ گرین اقامہ ہولڈر کو پانچ برس تک کسی سپانسر،میزبان یا آجر کی مدد درکار نہیں ہوتی۔ میعاد ختم ہونے پر اس کی تجدید بھی ہوسکتی ہے۔

معذور اولاد کو ہمراہ رکھنے کے لیے عمر کی کوئی قید نہیں (فوٹو: الامارات الیوم)

 بیان میں گرین اقامہ ہولڈرز کو ملنے والی سہولتوں کے حوالے سے بتایا گیا کہ گرین اقامہ ہولڈر غیرملکی اپنے اہل خانہ کے ویزے نکلوا سکتے ہیں۔ انہیں شوہر، بیوی، اولاد اور قریبی رشتہ داروں کے لیے ہر طرح کے اقامے کے اجرا میں آسانی ہوتی ہے۔ 
گرین اقامہ ہولڈرز 25 سال تک کے بیٹوں کو اپنے اقامے پر رکھ سکتے ہیں۔ اس سے قبل بیٹوں کو اقامے پر رکھنے کے لیے انتہائی عمر 18 برس تھی۔ 

ملازمت کے معاہدے کی بنیاد پر ورک پرمٹ حاصل کرنا ہوگا (فوٹو: الامارات الیوم)

گرین اقامہ ہولڈر غیر شادی شدہ بیٹیوں کو اپنے ہمراہ رکھ سکتے ہیں۔ ان کے لیے انتہائی عمر کی کوئی پابندی نہیں ہے۔ 
معذور اولاد کو بھی اپنے ہمراہ رکھنے کے لیے کوئی انتہائی عمر کی شرط نہیں ہے۔
گرین اقامہ ختم ہونے یا منسوخ ہونے پر 6 ماہ تک کارروائی سے محفوظ رہتے ہیں۔ گرین اقامہ ہولڈر کے ویزے کی جو میعاد ہوتی ہے وہی اس کے اہل خانہ کو بھی حاصل ہوتی ہے۔ 
اماراتی حکومت نے گرین اقامہ کی درخواست دینے والوں کے زمرے اور ضوابط مقررکیے ہیں۔ 
آزاد کاروبار کے لیے گرین اقامے کے خواہشمندوں کو وزارت افرادی قوت سے آزاد کاروبار کا پرمٹ حاصل کرنا ہوگا۔ بی اے پاس ہونا لازمی ہے یا سپیشل ڈپلومہ ہولڈر ہونا چاہیے۔ آزاد کاروبار سے پچھلے دو برسوں کے دوران سالانہ آمدنی کم از کم تین لاکھ 60 ہزار درہم ہونا ضروری ہے یا یہ کہ امیدوار امارات میں طویل مدت تک قیام کے دوران اپنی مالی پوزیشن واضح کرے۔
ہنرمند کے لیے گرین اقامہ: حکومت سے ملازمت کے مؤثر معاہدے کی بنیاد پر ورک پرمٹ حاصل کرنا ہوگا۔ یہ بھی ثابت کرنا ہوگا کہ وہ ہنرمندوں کے زمرے سے تعلق رکھتا ہے۔ اس کے لیے کم از کم تعلیم بی اے پاس ہونا ضروری ہے۔ ماہانہ تنخواہ کم از کم 15 ہزار درہم ہو۔
 
امارات کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز یو اے ای“ گروپ جوائن کریں

شیئر: