Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اُردن کے شاہ عبداللہ نے سوتیلے بھائی حمزہ کو نظربند کر دیا

اردن کے شاہ عبداللہ کا کہنا ہے کہ کسی قوم کے امن میں خلل دالنے کی اجازت نہیں: (فوٹو: اے ایف پی)
اردن کے شاہ عبداللہ نے اپنے سوتیلے بھائی کو گھر میں نظربند کر دیا ہے اور ان کے رابطوں اور نقل و حرکت پر پابندی لگا دی ہے۔
عرب نیوز کی رپورٹ کے مطابق جمعرات کو شائع ہونے والے ایک خط میں شاہ عبداللہ نے کہا کہ وہ کسی کو اجازت نہیں دیں گے کہ وہ اپنے مفادات کو قوم کے مفادات پر ترجیح دے۔
خط کے مطابق ’ایسی اجازت میرے بھائی کو نہیں کہ وہ ہماری قوم کے امن میں خلل ڈالیں۔‘
گزشتہ برس اردن کے حکام نے اعلان کیا تھا کہ انہوں نے ملک کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی ایک کوشش کو ناکام بنایا ہے۔
دو سابق سیاسی عہدیداروں کو شہزادہ حمزہ کی حمایت میں شاہ عبداللہ کی حکومت کا تختہ الٹنے کی سازش میں مجرم قرار دیتے ہوئے 15 برس قید کی سزا سنائی گئی تھی۔
 سابق ولی عہد نے پچھلے ماہ اعلان کیا تھا کہ وہ شہزادے کے لقب سے دستبردار ہو رہے ہیں۔ اس کے ایک ماہ بعد شاہی عدالت کی جانب سے بیان سامنے آیا کہ انہوں نے بغاوت کی کوشش پر بادشاہ سے معافی مانگ لی ہے۔
شاہ عبداللہ کا کہنا ہے’ہمارے پاس اتنا وقت نہیں ہے کہ حمزہ کی منتشر خواہشات اور رویے سے نمٹتے رہیں۔ ہمارے سامنے اور بھی بہت سی مشکلات اور چیلنجز پڑے ہیں۔ ہم سب کو چاہیے کہ ہم ان پر قابو پائیں اور اپنے عوام کی خواہشات پر پورا اتریں اور ان کو باعزت اور مستحکم زندگی گزارنے کا موقع دیں۔‘
شاہ عبداللہ کی جانب سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ حالیہ قدم انہوں نے شاہی خاندان کے قوانین کی تحت تشکیل دی گئی کونسل کی ہدایت پر اٹھایا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ ایک سال سے زائد کا عرصہ گزرنے کے باوجود بھی شہزادہ حمزہ تبدیل نہیں ہوں گے۔ انہوں نے ہمارے خاندان کی روایت کے مطابق کو صحیح راستے پر گامزن کرنے کے تمام مواقع ضائع کر دیے ہیں۔‘
شاہ عبداللہ نے مزید کہا کہ حمزہ تمام حقائق اور ناقابل تردید شواہد کو نظرانداز کر رہے ہیں اور اپنے جھوٹے بیانیے کو تقویت دینے کے لیے واقعات کو توڑ مروڑ کر پیش کر رہے ہیں۔
’بدقسمتی سے میرے بھائی صرف اپنے دعوے کو ہی سچ مانتے ہیں۔ وہ جس مغالطے میں ہیں وہ نیا نہیں۔ میں اور ہمارے خاندان کے دوسرے افراد طویل عرصے سے محسوس کر رہے تھے کہ وہ (حمزہ) اپنے عہد سے پیچھے ہٹ گئے ہیں اور اپنے غیرذمہ دارانہ اقدامات پر قائم رہتے ہوئے بدامنی کے بیج بونا چاہتے ہیں۔‘

شیئر: