Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریاض میں سیاحت کی بین الاقوامی نمائش کا آغاز

نمائش میں ماہرین کے لیے اپنے تجربات پیش کرنے کا سنہری موقع ہے۔ (فوٹو: سبق)
ریاض میں سیاحت کی بین الاقوامی نمائش کا اتوار کو افتتاح کیا گیا ہے۔ عثمان بن عفان روڈ پر واقع کانفرنسوں اور نمائشوں کے بین الاقوامی مرکز میں نمائش ہورہی ہے۔ 
سبق ویب سائٹ کے مطابق نئی نمائش کا لوگو ’نئی دنیا‘ ہے۔ اس میں 29 ممالک، 57 سپیشلسٹ پویلین قائم کیے ہوئے ہیں۔ 105 ادارے شریک ہیں۔ ان میں العلا سیاحتی کمپنی، ناس ایئر، آذربائیجان ٹورسٹ بورڈ، مالدیپ ٹورسٹ بورڈ ، چیک، سرائیو، اردن، جنوبی افریقہ، مالٹا اور جنوبی کوریا کے سیاحتی ادارے شامل ہیں۔
پہلی بار تنزانیہ، تاجکستان اور مالٹا کے ممالک کی نمائندگی بھی ہورہی ہے۔
سعودی الرحالہ سوسائٹی کے ڈائریکٹر طلال الحربی جو نمائش کے سپانسرز میں سے ایک ہیں، نے کہا کہ ’ریاض ٹریول فیئر 2022 میں ٹریول انڈسٹری کی اہمیت پر زور دیا جارہا ہے کیونکہ کووڈ 19 کے باعث اس صنعت کو چیلنجز کا سامنا رہا۔‘
طلال الحربی نے کہا کہ ’خادم حرمین شریفین کے تعاون کی بدولت سعودی عرب میں سیاحت پھل پھول رہی ہے۔ مختلف ممالک اور غیرملکی سیاحتی ادارے کثیر تعداد میں شریک ہیں۔‘ 
اساس کمپنی کے ڈائریکٹر جنرل بندر القرینی نے کہا کہ ’ریاض نمائش 2022 سیاحت کی دنیا میں ماہرین کے لیے اپنے تجربات کو اجاگر کرنے کا سنہری موقع ہے۔‘  
نمائش کے دوران سیاحتی صنعت میں معاون نئے رجحانات پیش کیے جائیں گے۔ کووڈ 19 سے نجات اور مملکت میں داخلی سیاحت کے فروغ کی تدابیر بھی نمایاں کی جائیں گی۔ 
ریاض نمائش کے ذریعے سعودی شہری اور مقیم غیرملکی سالانہ چھٹی سے قبل سیاحت کی دنیا میں رونما ہونے والی نئی تبدیلیوں سے آگاہی حاصل کرسکیں گے۔
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: