Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جعلسازی پر نجی ہسپتال کے تین عہدیدار اور ڈاکٹر گرفتار

’طبی غلطی کے باعث شہری چلنے پھرنے سے معذور ہوگیا، اس کا مستقبل داؤپر لگ گیا‘ ( فوٹو: سبق)
جدہ میں واقع ایک نجی ہسپتال کے تین عہدیداروں سمیت ایک ڈاکٹر کو جعلسازی کے الزام میں حراست میں لے لیا گیا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق مذکورہ ہسپتال میں ایک شہری کو طبی غلطی کی وجہ سے سخت نقصان ہوا ہے۔ غلطی کو چھپانے کے لیے مذکورہ افراد نے میڈیکل رپورٹوں میں جعلسازی کی ہے۔
پبلک پراسیکیوشن کے ذرائع نے کہا ہے کہ ’مذکورہ ہسپتال میں زیر علاج شہری کی غلط تشخیص ہوئی جس کی بنا پر علاج بھی غلط ہوا‘۔
’طبی غلطی کے باعث شہری چلنے پھرنے سے معذور ہوگیا، اس کا مستقبل داؤپر لگ گیا، اسے ملازمت سے فارغ کردیا گیا نیز علاج معالجہ جاری رکھنے کے لیے وہ قرض لینے پر مجبور ہوا‘۔
ذرائع نے کہا ہے کہ ’شہری نے متعلقہ ادارے میں شکایت کی جس پر ہسپتال نے جعلی رپورٹیں پیش کرکے غلطی سے خود کو بری الذمہ ثابت کرنے کی کوشش کی ہے‘۔
’جعلی رپورٹوں کی وجہ سے کیس کی تفتیشی ٹیم کو بھٹکایا گیا نیزکیس کو غیر معمولی طول دیا گیا‘۔
ذرائع نے کہا ہے کہ ’تفتیشی ٹیم نے تیسرے فریق سے رپوٹوں کا جائزہ لیا تو انکشاف ہوا کہ ہسپتال کی طرف سے پیش کی جانے والی تمام رپورٹیں جعلی ہیں‘۔
’اس پر مذکورہ ہسپتال کے تین عہدیداروں کے علاوہ ایک ڈاکٹر کو حراست میں لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے‘۔

شیئر: