Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

 نجی کوائف ظاہر کرنے پر مردم شماری کے عملے کو سزا ہو گی

مردم شماری کے اہلکار رازداری کے پابند ہیں۔ (فوٹو عاجل)
سعودی پبلک پراسیکیوشن نے کہا ہے کہ مردم شماری کا عملہ اور اعداد وشمار جمع کرنے والے تمام ملازم رازداری کے پابند ہیں۔
پبلک پراسیکیوشن کے مطابق ’کوئی بھی کسی بھی شہری یا مقیم غیرملکی کے نجی کوائف ظاہر کرنے کا مجاز نہیں۔ جو بھی اپنی ملازمت کے بموجب ملنے والی معلومات ظاہر کرے گا اسے قید اور جرمانے کی سزا ہوگی۔ ‘
عاجل ویب سائٹ کے مطابق پبلک پراسیکیوشن نے ٹوئٹرپر بیان میں کہا کہ نجی کوائف ظاہر کرنے پر محکمہ شماریات کے اہلکار کو تین ماہ تک قید یا ایک ہزار ریال تک جرمانے کی سزا ہوگی۔ 
بیان میں کہا گیا کہ محکمہ شماریات کا کوئی بھی اہلکار کسی کا صنعتی یا تجارتی راز منکشف کرنے کا بھی مجاز نہیں۔ 
پبلک پراسیکیوشن کا کہنا ہے کہ شماریات سے متعلق حاصل کی جانے والی تمام معلومات کو مکمل صیغہ راز میں رکھا جاتا ہے۔ کوائف کا اظہار کسی بھی صورت میں جائز نہیں۔ اگر کسی اہلکار کو کسی فرد یا کسی سرکاری یا نجی ادارے کی کوئی بات معلوم ہوئی ہو تو وہ یہ معلومات کسی کو بتانے کا مجاز نہیں اور نہ مقررہ مقصد کے سوا کسی اور کام میں انہیں استعمال کیا جا سکتا ہے۔ 
محکمہ شماریات کے ترجمان محمد الدخینی نے اس سے قبل بیان میں کہا تھا کہ سعودی شہری اور مقیم غیرملکی مردم و خانہ شماری کے لیے معلومات جمع کرنے والے اہلکاروں کو مطلوبہ سوالات کے جواب دینے کے پابند ہیں۔ کسی کو بھی اس حوالے سے رکاوٹ ڈالنے  یا معلومات دینے سے باز رہنے یا غلط معلومات فراہم کرنے کی اجازت نہیں۔ خلاف ورزی پر جرمانہ ہوگا۔
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: