Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’بیوی پٹائی کرتی ہے‘، انڈیا میں شوہر فریاد لے کر عدالت پہنچ گیا

’بیوی کے تشدد‘ سے متعلق ویڈیو میں ایک بچہ بھی نمایاں ہے (فوٹو: ویڈیو گریب)
انڈین ریاست راجھستان میں ایک سکول پرنسپل بیوی کی جانب سے تشدد کی شکایت لے کر عدالت پہنچے ہیں۔
انڈین میڈیا رپورٹ کے مطابق راجھستان کے علاقے الور میں بیوی کی پٹائی پر عدالت پہنچنے والے شخص نے صرف تحریری طور پر ہی شکایت نہیں کی بلکہ ویڈیو ثبوت بھی فراہم کیے ہیں۔
ٹائمز آف انڈیا کے مطابق ’گھریلو تشدد‘ کا یہ معاملہ راجھستان کے ضلع الور کے بھوادی علاقے میں رپورٹ ہوا ہے۔
سکول پرنسپل اجیت سنگھ یادیو نے اپنی شکایت میں کہا کہ ان کی اہلیہ نہ صرف روزانہ پٹائی کرتی ہیں بلکہ انہیں گھر سے بھی نکالا گیا۔
شکایت کرنے والے شخص کی جانب سے دی گئی سی سی ٹی وی فوٹیج وائرل ہوئی تو اس میں کرکٹ بیٹ سے مرد کی پٹائی کرتی خاتون اور ایک بچہ بھی نمایاں ہے۔
مقامی پولیس کو بیوی کے تشدد کی شکایت کرنے والے شخص کے مطابق اہلیہ کی جانب سے انہیں عدالتی کارروائی کی دھمکی دے کر بلیک میل بھی کیا جاتا رہا ہے۔
اجیت سنگھ یادیو کی اپنی اہلیہ سمن سے سات برس قبل محبت کی شادی ہوئی تھی۔ اہلیہ کے تشدد سے نالاں سکول پرنسپل نے ثبوت جمع کرنے کے لیے گھر میں سی سی ٹی وی کیمرے انسٹال کیے۔ وائرل ہونے والی ویڈیو انہی میں سے ایک کیمرے کے ذریعے حاصل کی گئی ہے۔

پولیس کے مطابق اجیت کا کہنا ہے کہ اہلیہ کے ہاتھوں انہیں کبھی کرکٹ بیٹ، کبھی ریکٹ اور کبھی برتنوں سے پیٹا جاتا رہا ہے۔
معاملے سے متعلق میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ عدالت نے معاملے کا جائزہ لے کر ہدایت کی ہے کہ شکایت کرنے والے شوہر کی حفاظت کا انتظام کیا جائے۔
انڈین اخبار دینک بھاسکر کے مطابق بیٹے کے سامنے متعدد مرتبہ بیوی کے ہاتھوں پٹائی کا نشانہ بننے والے شوہر نے تنگ آ کر گھر چھوڑ دیا تھا۔

سوشل میڈیا صارفین نے معاملے پر تبصرہ کرتے ہوئے انڈیا میں خواتین سے متعلق سرکاری ادارے اور دیگر کو مینشن کرتے ہوئے اس پر ’وومین امپاورمنٹ‘ کا کیپشن سجایا۔

شیئر: