Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

یوکرین کے لیے فوجی ڈرون کی خریداری، لیتھوانیا میں شہریوں کی چندہ مہم

لیتھوانیا کی وزارت دفاع کے حکام نے بتایا کہ ان کا ترکی سے ڈرون خریدنے کا ارادہ ہے۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
یورپی ملک لیتھوانیا کے شہریوں نے روس سے نمٹنے اور یوکرین کی مدد کے لیے چندہ اکٹھا کرنا شروع کر دیا ہے، جس سے جدید فوجی ڈرون خریدے جائیں گے۔
خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق ویلیئس شہر میں سینکڑوں کی تعداد میں لوگ یوکرین کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے جمع ہوئے۔
ایونٹ کی کوریج کرنے والے لیسویس ٹی وی کی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے روئٹر نے بتایا کہ صرف تین روز میں 30 لاکھ یورو اکٹھے ہو چکے ہیں، جبکہ مجموعی طور پر 50 لاکھ یورو کی ضرورت ہے۔
32 سالہ ایگنے بلیکیٹ نامی خاتون، جنہوں نے بدھ کو شروع ہونے والی مہم میں 100 یورو دیے، کا کہنا ہے کہ ’یہ جنگ شروع ہونے سے قبل ہم میں سے کسی نے نہیں سوچا تھا کہ ہم کبھی بندوقیں خریدیں گے۔ مگر اب یہ معمول کی بات ہے۔ دنیا کی بہتری کے لیے کچھ کیا جانا چاہیے۔‘
انہوں نے روئٹرز کو بتایا کہ ’میں کچھ عرصہ سے یوکرین کے لیے اسلحے کی خریداری کے لیے چندہ دے رہی ہوں اور تب تک دیتی رہوں گی جب تک وہ فتح حاصل نہیں کر لیتا۔‘
حالیہ برسوں کے دوران  شام اور لیبیا میں روسی فوجوں اور اس کے اتحادیوں کے خلاف ڈرون بہت موثر ثابت ہوئے ہیں۔ 
لیتھیوانیا کی وزارت دفاع کے حکام نے روئٹرز کو بتایا کہ ان کا ترکی سے ڈرون خریدنے کا ارادہ ہے، جس پر اگلے ہفتے دستخط ہوں گے۔
 یوکرین نے حالیہ برسوں کے دوران ترکی کی کمپنی بیکر سے 20 سے زائد بیکریکٹر ٹی بی 2 خریدے اور 27 جنوری کو مزید 16 کا آرڈر دیا تھا، جو کہ مارچ کے آغاز میں اس کو دے دیے گئے تھے۔
 لیتھوانیا میں یوکرین کے سفیر بیشتا پیٹرو نے لیسویس ٹی وی کو بتایا کہ یہ تاریخ میں پہلی بار ہو رہا ہے کہ عام لوگ فوجی ڈرون جیسی اشیا خریدنے کے لیے چندہ دے رہے ہیں۔ یہ ناقابل یقین ہے اور اس کی مثال نہیں ملتی۔‘

لیتھوانیا کے شہریوں نے صرف تین روز میں 30 لاکھ یورو اکٹھے کر لیے۔ فائل فوٹو: اے ایف پی

نیٹو ممالک نے اب تک جتنے بھی ہتھیار یوکرین کو بھجوائے ہیں ان میں سے زیادہ تر روسی ساختہ ہیں جبکہ بہت سے اب بھی مشرقی یورپی ممالک کے پاس موجود ہیں تاہم حال ہی میں یورپی ساختہ اینٹی ایئر کرافٹ ہوئٹرز کی سپلائی بھی شروع کی گئی ہے۔
چندہ دینے والی بیلیکیٹ کا مزید کہنا تھا کہ ’ایسے وقت میں جب بڑے ممالک کی حکومتیں سوچ بچار کر رہی ہیں لیتھوانیا کے لوگ متحد ہو گئے ہیں اور 50 لاکھ یوروز کا چندہ اکٹھے کر رہے ہیں، جن سے ڈرون خریدے جائیں گے۔‘
ان کے مطابق ’یہ دنیا کے لیے ایک متاثرکن پیغام ہے۔‘

شیئر: