Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پوکیمون آرٹسٹ کی جدہ سیزن میں آمد ، سعودی شائقین کا اظہار مسرت

سعودی جاپانی اشتراک کی پہلی اینیمیٹڈ فلم 'دی جرنی' کا 2021 میں پریمیئر ہوا۔ فوٹو ٹوئٹر
جدہ سیزن کے موقع پر پوکیمون کے مشہور جاپانی آرٹسٹ متشیرو اریٹا نے پہلی بار اپنے سعودی مداحوں سے سٹی واک کے اینیمی ویلج  میں ملاقات کی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق جاپانی آرٹسٹ کے پرستاروں نے اپنے پسندیدہ کارٹون اور گیم کارڈز  بنانے والے فنکار کو 27 اور 28 مئی کی شام میں اپنے درمیان پا کر انتہائی خوشی کا اظہار کیا۔

سعودی نوجوانوں بھی اس طرح کی منفرد عکاسی سیکھنا چاہتے ہیں۔ فوٹو عرب نیوز

جاپانی آرٹسٹ مشیرو اریٹا نے اپنے26 سالہ فنی کیریئر کے دوران  دنیا بھر کے شائقین کے لیے سینکڑوں پوکیمون کارڈز کی تصویر کشی کی ہے جس  میں فائنل فینٹسی گیمز، برسرک: دی گولڈن ایجز جیسی اور کلڈ سیپٹ جیسی سیریز بھی شامل ہیں۔
جدہ سیزن کے سٹی واک زون میں جاپانی آرٹسٹ نے اپنے مداحوں کے لیے کارڈز اور آٹوگراف پر دستخط کرتے ہوئے ایک خصوصی انٹرویو میں بتایا کہ یہ کام ایک ایسا فن ہے جس پر مجھے فخر ہے۔
متشیرو اریٹا 1971 میں جاپان کے شہر فوکوکا میں پیدا ہوئے اب وہ جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو میں رہتے ہیں۔
ٹوکیو میں پیشہ ور مصور کے طور پر انہوں نے1996 میں اپنے کیریئر کا آغاز کیا اور پوکیمون ٹی سی جی کے ساتھ ان کا پہلا پروجیکٹ تھا۔

اپنے درمیان  موجود جاپانی آرٹسٹ سے ہزاروں مداحوں نے آٹو گراف لیا۔ فوٹو عرب نیوز

انہوں نے  گیارہ سال تک فائنل فینٹسی کے ڈیزائن پر کام کیا اور اب تک ہزاروں پوکیمون کارڈز ڈیزائن کئے، اس کے ساتھ  مختلف میگزین اور فلمی رسالے بھی ڈیزائن کئے ہیں۔
اس موقع پر انہوں نے بتایا کہ سعودی عرب میں طویل عرصہ سے جاپانی ثقافت، اینیمی پروڈکشنز اور میری آرٹ کے پرستار موجود ہیں اسی تناظر میں پہلی سعودی جاپانی اینیمی فلم 'دی جرنی' کا 2021 میں دنیا بھر میں پریمیئر ہوا ہے۔
جاپانی آرٹسٹ نے سعودی نوجوانوں کو مشورہ دیا کہ اگر وہ اینیمی، مانگا یا ویڈیو گیمز کے لیے عکاسی کرنے والے فنکار بنناچاہتے ہیں تو اس طرح کی منفرد عکاسی کے کام کو بار بار دیکھیں تا کہ یہ آپ کے خیالات میں رچ بس جائے۔

جاپانی آرٹسٹ نے مداحوں کو بتایا کہ اس فن پر مجھے فخر ہے۔ فوٹو ٹوئٹر

سٹی واک میں ان کے مداحوں میں 35 سالہ سعودی شہری محمد فخری بھی شامل تھے جو 200 سے زائد پوکیمون ٹی سی جی پر مشتمل البم فولڈر اٹھائے ہوئے تھےجو90 کی دہائی سے ان کے پاس ہے اور وہ جمع کئے گئے پوکیمون کارڈ زسکول میں دوستوں کو دکھانے کے لیے لے جاتے تھے۔
محمد فخری نے بتایا کہ جب مجھے پتہ چلا کہ ان گیم کارڈز کا اصل ڈیزائنر یہاں آ رہا ہے تو میری خوشی کا ٹھکانا نہیں تھا اور میں اپنی کولیکشن اٹھا کر ان سے ملنے چلا آیا۔
یہاں موجود جاپانی آرٹسٹ کے ہزاروں مداحوں نے ان سے آٹو گراف لیتے ہوئے کہا کہ ان کے لیے یہ ایک ناقابل فراموش لمحہ ہے۔
 

شیئر: