Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بلوچستان: مسافر وین کھائی میں گرنے سے 22 افراد ہلاک ایک زخمی

مسافر وین کئی سو فٹ بلندی سے کھائی میں گری۔ فوٹو: اردو نیوز
پاکستان کے صوبہ بلوچستان میں مسافر وین کھائی میں گرنے سے 22 افراد ہلاک جبکہ ایک زخمی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ حادثہ بدھ کی صبح صوبائی دارالحکومت کوئٹہ سے شمال میں 230 کلومیٹر دور ضلع قلعہ سیف اللہ کے علاقے اختر زئی ادوالہ کے مقام پر پیش آیا جہاں تیز رفتار مسافر وین موڑ کاٹتے ہوئے ڈرائیور سے بے قابو ہوکر گہری کھائی میں جا گری۔
ڈپٹی کمشنر قلعہ سیف اللہ حافظ محمد قاسم کے مطابق مسافر وین لورالائی سے ژوب جارہی تھی اور اس میں خواتین اور بچوں سمیت 22 افراد سوار تھے۔ 
انہوں نے بتایا کہ حادثے میں صرف ایک تیرہ سالہ لڑکا زندہ بچا ہے جسے زخمی حالت میں علاج کے لیے کوئٹہ روانہ کر دیا گیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر قلعہ سیف اللہ کے مطابق وین کئی سو فٹ بلند پہاڑی راستے سے نیچے گرتے ہوئے پتھروں سے ٹکرائی جس کے نتیجے میں ویگن مکمل طور پر تباہ ہوگئی۔
انہوں نے بتایا کہ لاشیں دور دور تک بکھر گئی ہیں اور پہاڑی و دشوار گزار علاقہ ہونے کی وجہ سے امدادی کاموں میں مشکلات کا سامنا ہے۔ا ن کا کہنا ہے کہ لاشیں نکالنے میں کئی گھنٹے لگ سکتے ہیں۔
ایس ایچ او قلعہ سیف اللہ اختر حیات کے مطابق لاشوں کی شناخت کا عمل شروع کر دیا گیا ہے، متاثرین کے لواحقین لورالائی اور ژوب سے ہسپتال پہنچ رہے ہیں۔

شیئر: