Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مستونگ اور ہرنائی میں کارروائی کے دوران 15 عسکریت پسند ہلاک

سکیورٹی فورسز مستونگ میں پہلے بھی کئی آپریشنز کرچکی ہیں۔ (فوٹو: اے ایف پی)
بلوچستان کے ضلع مستونگ میں سکیورٹی فورسز نے بلوچ عسکریت پسند تنظیموں کا مشترکہ کیمپ تباہ کرکے 9 عسکریت پسندوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے جبکہ ضلع ہرنائی میں کارروائی کے دوران چھ دہشتگرد ہلاک ہو گئے ہیں۔
بلوچستان پولیس کے کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کے ترجمان کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کا تعلق بلوچ لبریشن آرمی، بلوچ لبریشن فرنٹ اور یونائیٹڈ بلوچ آرمی سے تھا۔ آپریشن کے دوران اسلحہ اور دھماکہ خیز مواد کا بڑا ذخیرہ بھی برآمد کیا گیا۔
سنیچر کو جاری کیے گئے بیان میں ترجمان سی ٹی ڈی نے بتایا کہ ’کوئٹہ سے متصل ضلع مستونگ کے علاقے اسپلنجی میں روشی کے پہاڑوں میں علیحدگی پسند تنظیم بلوچ لبریشن آرمی کے کیمپ اور وہاں دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا۔‘  
ترجمان کے مطابق یہ کیمپ کوئٹہ سمیت بلوچستان میں دہشت گردی کی حالیہ کئی کارروائیوں میں ایک مرکز اور بی ایل اے کے لانچنگ پیڈ کے طور پر استعمال کیا جا رہا تھا۔ اسے دیگر تنظیموں کے دہشت گردوں کو پناہ دینے کے لیے بھی استعمال کیا جا رہا تھا۔
سی ٹی ڈی ٹیم نے موقع پر پہنچ کر کیمپ کو گھیر لیا۔  ’دہشت گردوں کو ہتھیار ڈالنے کا کہا گیا مگر انہوں نے اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔ سی ٹی ڈی ٹیم نے احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے جوابی کارروائی کی۔ جب فائرنگ رکی تو نو دہشت گرد مردہ پائے گئے جن کی شناخت کی کوشش کی جا رہی ہے۔‘
ترجمان نے بتایا کہ ’کیمپ سے20 کلوگرام دھماکہ خیز مواد، نو کلاشنکوف، پرائما کارڈ، ڈیٹونیٹرز، راکٹ لانچر اور اس کے دو گولے برآمد کیے گئے۔‘
دوسری کارروائی ضلع ہرنائی کے علاقے جمبرو میں کی گئی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے بیان کے مطابق خفیہ اداروں کی مصدقہ اطلاع پر ایف سی بلوچستان نارتھ نے فائرنگ کے تبادلے میں بی ایل اے کمانڈر طارق عرف ناصر سمیت چھ دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
بیان کے مطابق کارروائی کے دوران اسلحہ اور گولہ بارود کا بڑا ذخیرہ بھی برآمد ہوا۔

شیئر: