Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اسلام آباد میں غیر ملکی خاتون کا مبینہ ریپ، سکیورٹی گارڈ پر الزام

مبینہ ریپ کا نشانہ بننے والی خاتون نے پولیس کو بتایا کہ ایک موقع پر اُن کو لگا کہ ملزم گلہ دبا کر قتل کر دے گا۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
اسلام آباد میں اقوام متحدہ کے ایک ذیلی ادارے سے منسلک غیر ملکی خاتون کا مبینہ طور پر گھر کے سیکورٹی گارڈ نے ریپ کیا اور فرار ہو گیا۔
تھانہ آبپارہ میں درج کیے گئے مقدمے کے مطابق سویڈن سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون نے بتایا کہ ان کے گھر کے سکیورٹی گارڈ نے رات کو بیڈ روم میں گھس کر اُن کا ریپ کیا اور موقع سے فرار ہو گیا۔
پولیس تاحال ملزم کو گرفتار نہیں کر سکی۔
متاثرہ خاتون نے پولیس کو بتایا کہ وہ رواں سال سات جنوری کو اقوام متحدہ کے ایک ذیلی ادارے کے ساتھ کام کرنے کے لیے پاکستان منتقل ہوئیں۔
درج کیے مقدمے میں متاثرہ خاتون نے نجی سکیورٹی کمپنی اور اس کے گارڈ محمد سفیر کو ملزم نامزد کیا ہے۔
غیر ملکی خاتون نے پولیس کو مقدمہ درج کرتے ہوئے بتایا کہ وقوعہ کی رات اُن کو سوتے وقت بیڈ روم میں کچھ آوازیں سنائی دیں اور ان کے سنبھلنے سے قبل ہی گھر کی حفاظت پر مامور گارڈ محمد سفیر نے حملہ آور ہو کر نیچے گرا دیا۔
متاثرہ خاتون کے مطابق انہوں نے مزاحمت کی مگر سیکورٹی گارڈ کی طاقت کے سامنے وہ بے بس ہو گئیں۔
مبینہ ریپ کا نشانہ بننے والی خاتون نے پولیس کو بتایا کہ ایک موقع پر اُن کو لگا کہ ملزم گلہ دبا کر قتل کر دے گا۔
خاتون نے بتایا کہ اندھیرے میں ملزم کو اُس کی آواز سے پہچانا جب اس نے کہا کہ واش روم جا کر اپنے چہرے کو دھو لو جس پر مزاحمت کے دوران خون لگ گیا تھا۔
ایف آئی آر کے مطابق ملزم کے جانے کے بعد خاتون نے خود کو بیڈ روم میں بند کر کے پولیس کو مدد کے لیے طلب کیا۔
رات ڈیڑھ بجے کے لگ بھگ پولیس نے متاثرہ غیرملکی خاتون کا بیان ریکارڈ کرنے کے بعد مقدمہ درج کیا اور میڈیکل کے لیے ہسپتال منتقل کیا۔

شیئر: