Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امارات میں کورونا سے بچاؤ کے لیے ماسک کا استعمال برقرار

ماسک کی خلاف ورزی کرنے والوں پر3000 درہم جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ فوٹو عرب نیوز
متحدہ عرب امارات کے حکام نے عوام کو یاد دلاتے ہوئے ایک انتباہ جاری کیا ہےکہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے خلاف احتیاط کے طور پر مالز اور خریداری مراکز کے اندر اور کسی قسم کی انڈور تقریبات میں ماسک پہننے کا قانون تاحال برقرار ہے اور خلاف ورزی کرنے والوں پر3000 درہم جرمانہ عائد کیا جائے گا۔
امارات کی سرکاری خبر رساں ایجنسی وام کی ایک رپورٹ میں نیشنل ایمرجنسی کرائسز اینڈ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے ترجمان ڈاکٹر طاہر الامیری کے مطابق بند جگہوں میں ماسک لگانا اب بھی لازم ہے۔

مالز یا خریداری مراکز میں ماسک لگانا اب بھی لازم ہے۔ فوٹو خلیج ٹائمز

ڈاکٹر طاہر الامیری نے مزید بتایا ہے کہ امارات میں کورونا وائرس کے کیسز میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے، صرف ایک ہفتے میں نئے کیسز کی تعداد میں 100 فیصد سے بھی زیادہ اضافہ ہوا ہے۔
گذشتہ روز امارات میں کورونا کیسز کی تعداد 1319 ریکارڈ کی گئی ہے۔
امارات میں عالمی وبا کورونا کے باعث مقامی ہسپتالوں  میں مریضوں کے داخلے کی شرح بھی بڑھ رہی ہے۔
ڈاکٹر الامیری نے کورونا کیسز میں اضافے کا سبب بتاتے ہوئے واضح کیا کہ بعض افراد کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد آئسولیشن میں نہ  رہنا اور ماسک لگانے پر سختی سے عمل نہ کرنا ہے۔

13 جون کو امارات میں کورونا کیسز کی تعداد 1319 ریکارڈ کی گئی ہے۔ فوٹو خلیج ٹائمز

انہوں نے بتایا ہے کہ کورونا سے متاثرہ افراد کے الگ تھلگ رہنے کے عزم میں کمی نوٹ کی گئی ہے جس کے باعث صحت مند افراد کو خطرات لاحق ہیں اور یہ عمل کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی بڑی وجہ بن سکتا ہے۔
ابوظہبی میں کورونا وائرس سے متعلقہ الحصن ایپ پر گرین پاس سسٹم کی میعاد 30 دن سے کم کر کے 14 دن کر دی گئی ہے۔ بدھ 15جون سےاس پرعملدرآمد کا آغازکیا جا ئے گا۔
 

شیئر: