Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’کتابچے سے ڈیجیٹل تک‘ سعودی اقامے کا سفر

وزارت داخلہ نے ڈیجیٹل اقامہ سمارٹ فون پر انسٹال کرنے کے لیے ابشر اکاؤنٹ سے منسلک کیا ہے۔ (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب میں 2005 کے بعد سے سرکاری اداروں میں ڈیجیٹل خدمات کی فراہمی کا باقاعدہ آغاز ہوا جس میں تیزی سے ترقی ہوئی۔
ڈیجیٹل خدمات سے لوگوں کو کافی سہولت ہو گئی ہے جبکہ اس سے قبل تمام معاملات کی انجام دہی کے لیے سرکاری اداروں میں جانا پڑتا تھا جہاں لمبی قطاروں میں کھڑے ہو کر انتظار کرنا ہوتا تھا۔
بعض اوقات غیر ملکی کارکنوں کو ایمرجنسی کی حالت میں خروج و عودہ حاصل کرنے میں بھی کافی مشکل صورتحال کا سامنا کرنا پڑتا تھا۔ 
روایتی طریقے سے خروج و عودہ کی کارروائی مکمل کرنے کے لیے درخواست فارم بھرنے کے بعد تصاویر چسپاں کی جاتیں اور اس کو جوازات کے دفتر میں جمع کیا جاتا تھا۔ مقررہ فیس اداکرنے کے بعد خروج و عودہ کا سٹیکر چسپاں کیا جاتا۔
جبکہ اقامے کتابچے کی صورت میں ہوا کرتے تھے جس پر ہر برس تجدید کے سٹمپ لگا کرتے تھے۔ کتابچے کی صورت میں اقامہ رکھنا کافی دشوار امر تھا اور اس کی حفاظت کرنا قدرے مشکل ہوتی۔ پانی پڑنے یا گیلا ہونے کی صورت میں اقامے کے صفحات خراب ہونے کا اندیشہ رہتا تھا۔
ڈیجیٹل دور کا آغاز ہوتے ہی سب سے پہلے اقامہ میں تبدیلی ہوئی اور کتابچے کی جگہ کارڈ نے لی۔
شروع میں اقامہ کارڈ ہر برس نیا پرنٹ کرنا ہوتا تھا لیکن بعد میں کارڈ کی مدت پانچ برس کر دی گئی۔
جوازات نے ڈیجیٹل سروسز کے لیے ابشر اور مقیم کے پورٹل کی سہولت مہیا کی۔ ابشر انفرادی امور کے لیے مخصوص ہے جبکہ مقیم پورٹل اداروں کے لیے جہاں مذکورہ ادارے اپنے کارکنوں کے سرکاری معاملات کو انجام دیتے ہیں جن میں اقاموں کی تجدید، خروج و عودہ یا خروج نہائی کا اجرا وغیرہ شامل ہیں۔
 سعودی وزارت داخلہ نے اقامہ کارڈ کے حوالے سے ایک اور سروس کا اجرا کیا ہے جس سے اقامہ گم ہونے کا خدشہ بھی دور ہو گیا۔
ڈیجیٹل اقامہ کے عنوان سے شروع کی جانے والی سروس اس لیے بھی مفید ہے کہ آج کل جب سمارٹ فون ہر شخص کی پہنچ میں ہے۔ اس ٹیکنالوجی کے ذریعے مملکت میں ڈیجیٹل اقامہ کا آپشن بھی فراہم کر دیا گیا۔

ابشر پورٹل کے اکاؤنٹ سے ہر شخص آسانی سے اپنا اقامہ سمارٹ فون پر انسٹال کر سکتا ہے۔ (فوٹو: پکس ہیئر) 

ڈیجیٹل اقامے کی سمارٹ فون پر سہولت
وزارت داخلہ نے ڈیجیٹل اقامہ سمارٹ فون پر انسٹال کرنے کے لیے ابشر اکاؤنٹ سے منسلک کیا ہے جس سے لوگوں کو یہ سہولت ہو گئی کہ وہ کسی بھی ادارے میں جہاں اقامہ کی ضرورت ہوتی ہے، اپنے سمارٹ فون کے ذریعے اس کا ’کیو آر‘ کوڈ سکین کرا دیتے ہیں۔
ابشر پورٹل کے اکاؤنٹ میں موجود ڈیجیٹل اقامہ کے آپشن کو استعمال کرتے ہوئے ہر شخص آسانی سے اپنا اقامہ سمارٹ فون پر انسٹال کر سکتا ہے۔ 
 ڈیجیٹل اقامہ انسٹال کرنے کے بعد یہ ضروری نہیں کہ اقامہ دکھانے کے لیے آپ کے موبائل میں انٹرنیٹ سروس ہو۔ انٹرنیٹ نہ ہونے کے باوجود بھی ہر شخص موبائل فون پر ڈیجیٹل اقامہ بآسانی دکھا سکتا ہے۔
ڈیجیٹل اقامہ آپشن کھولنے کے لیے موبائل میں ابشرایپلیکیشن کو کلک کریں اور آف لائن رہتے ہوئے بھی ابشر ایپ کا ہوم پیج کھل جاتا ہے جس کے آخر میں ڈیجیٹل اقامہ کا آپشن موجود ہے۔ اس کو کلک کر کے آپ کا اقامہ سامنے آجائے گا۔ تصویر کے ساتھ نام اور دیگر تفصیلات جن میں اقامہ نمبر، کمپنی کا نام، پیشہ، کمپنی کا رجسٹریشن نمبر اور کیو آر کوڈ سکین کرکے متعلقہ اہلکار تمام معلومات بآسانی حاصل کرسکتے ہیں۔
سعودی عرب نے کتابچے والے اقامہ سے ڈیجیٹل اقامے تک کا سفر انتہائی تیز رفتاری سے طے کیا۔ جس طرح ٹیلی کمیونیکشن کی دنیا میں بٹن والے موبائل سے سمارٹ فون تک کا سفرکیا اسی تیزی سے محکمہ جوازات نے مثالی ترقی کرتے ہوئے نہ صرف اپنے شہریوں بلکہ مملکت میں رہنے والے غیر ملکیوں کے لیے بھی بے پناہ سہولتیں فراہم کیں۔ 

شیئر: