Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’عمران خان جھوٹے بیانیے کے ناکام ہونے کے بعد اداروں پر حملہ آور ہو رہے ہیں‘

پاکستان کی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان اداروں کو آئین کی خلاف ورزی پر اکسا رہے ہیں۔
بدھ کو اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر اطلاعات نے کہا کہ ’عمران خان کو غلط فہمی ہے کہ وہ اداروں کو اپنی مرضی سے چلنے پر مجبور کر سکتے ہیں۔ غلط اور جھوٹے بیانیے کے ناکام ہونے کی وجہ سے وہ اداروں پر حملہ آور ہو رہے ہیں۔‘
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان ملک میں لوگوں کو تقسیم کر رہے ہیں۔ ’وہ آئین پر حملے کر رہے ہیں، جو شخص آئین شکنی کر سکتا ہے اور آئین کی خلاف ورزی کر سکتا ہے اس سے کچھ بھی بعید نہیں۔‘
مریم اورنگزیب کے مطابق ’ان کے دماغ میں یہ ہے کہ اداروں پر حملہ کریں گے تو اُن کی کرپشن سے توجہ ہٹ جائے گی۔ بیرون ملک سے سازش مذاق اور مسخرہ پن لگتا ہے جس کو عوام مسترد کر چکے ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ کابینہ کے ہر اجلاس کے بعد تمام اتحادی جماعتوں کے نمائندے بیٹھ کر فیصلوں کا بتاتے ہیں۔ تمام مشکل فیصلے یک زبان ہو کر کیے جا رہے ہیں۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان کا جھوٹ پر مبنی بیانیہ اپنی موت آپ مر گیا۔ عمران خان کی کرپشن کی کہانیاں روز عوام کے سامنے آ رہی ہیں۔ ’جس وقت فارن فنڈنگ اور منی لانڈرنگ کی آواز آتی ہے تو الیکشن کمیشن پر حملہ کر دو اور لوگوں کی توجہ ہٹا دو۔ پی ٹی آئی کی حکومت میں بنی گالہ، منی گالہ بنا ہوا تھا۔‘
وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ جب فرح گوگی کی بات کرو تو عمران خان تڑپنا شروع ہو جاتے ہیں۔ ’کسی جھوٹے بیانیے سے ریاست اور حکومت کو سرکاری مؤقف سے پیچھے نہیں ہٹا سکتے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’جب آپ کا سکینڈل باہر آتا ہے آپ ادارے پر حملہ کر دیتے ہیں۔ نیشنل سکیورٹی کمیٹی کے اجلاس میں کیے گئے فیصلے سب پر واضح ہیں۔‘

اسد عمر نے کہا ہے کہ عمران خان بیرونی سازش کی تحقیقات کے لیے چیف جسٹس کو دوبارہ خط لکھیں گے۔ فوٹو: پی ٹی آئی آفیشل ٹوئٹر

اس سے قبل تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا تھا کہ ’اگر ڈی جی آئی ایس پی آر سیاسی معاملات کی بار بار تشریح کرنا ضروری نہ سمجھیں تو ملک کے لیے بھی اچھا ہو گا اور فوج کے لیے بھی۔‘
شیریں مزاری کے ہمراہ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے اسد عمر کا کہنا تھا کہ اگر سیاست دانوں کو ہی سیاسی معاملات سے نمٹنے دیں تو بہتر ہو گا۔
انہوں نے غیر ملکی مداخلت پر بات کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان ایک بار پھر پارٹی چیئرمین کی حیثیت سے چیف جسٹس کو خط لکھیں گے جس میں مطالبہ کیا جائے گا کہ بیرونی سازش کے معاملے کی تحقیقات کی جائیں۔

شیئر: