Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عمران خان کے اثاثوں میں اضافہ، شہباز شریف کے اثاثوں میں کمی

دستاویز کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف 24 کروڑ 50 لاکھ روپے سے زائد اثاثوں کے مالک ہیں۔ فوٹو: اے پی پی
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ارکان قومی اسمبلی کے اثاثوں کی تفصیلات جاری کر دی ہیں۔ جس میں گزشتہ سال کے مقابلے میں رواں برس سابق وزیراعظم عمران خان کے اثاثوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ وزیراعظم شہباز شریف کے اثاثوں میں 3 لاکھ روپے کی کمی دیکھی گئی ہے۔  
الیکشن کمیشن کے سال 2021 کے اثاثوں کی تفصیلات کے  مطابق سابق وزیراعظم عمران خان کے سال 2020 کے مقابلے میں اثاثوں میں 6 کروڑ روپے سے زائد کا اضافہ ہوا۔ 
دستاویزات کے مطابق چیئرمین تحریک انصاف عمران خان 14 کروڑ 21 لاکھ روپے سے زائد اثاثوں کے مالک ہیں۔ سال 2020 میں اثاثوں کی کل مالیت 8 کروڑ روپے سے زائد تھی جبکہ سال 2020 میں 7 کروڑ روپے سے زائد کا قرض تھا۔ سال 2021 کے اثاثوں کے مطابق عمران خان کے ذمے کچھ بھی واجب الادا نہیں۔ 
عمران خان نے گوشواروں میں زمان پارک، میانوالی اور بھکر میں وراثتی زمین ظاہر کی جبکہ بنی گالا والے گھر کے بطور گفٹ ظاہر کیا ہے۔ عمران خان کے اثاثوں میں شاہراہ دستور پر ون کانسٹیٹیوشن ایونیو ٹاور اسلام آباد میں فلیٹ کے لیے ایک کروڑ 19 لاکھ روپے ایڈوانس بطور سرمایہ کاری ظاہر کی گئی ہے۔ 
دستاویز کے مطابق پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کا اندرون یا بیرون ملک کوئی کاروبار نہیں اور ان کے پاس اپنی کوئی ذاتی گاڑی نہیں۔
عمران خان کا بینک بیلنس 6 کروڑ 3 لاکھ روپے سے زائد ہے۔ پی ٹی آئی چیئرمین کے دو ڈالرز اکاؤنٹس میں 3 لاکھ 29 ہزار ڈالرز بھی ظاہر کیے گئے ہیں۔ 
عمران خان نے اثاثوں میں 2 لاکھ روپے مالیت کی 4 بکریاں بھی ظاہر کی ہیں۔ چیئرمین تحریک انصاف کے پاس 5 لاکھ مالیت کا فرنیچر ہے۔ عمران خان نے اپنے اثاثوں میں اپنی اہلیہ بشریٰ بی بی کے اثاثوں کی تفصیلات بھی جمع کروائیں ہیں۔

سال 2020 کے مقابلے میں عمران خان کے اثاثوں میں 6 کروڑ روپے سے زائد کا اضافہ ہوا۔ فائل فوٹو: اے پی پی

بشریٰ بی بی کے پاس 431 کنال کی پاکپتن میں دو مختلف زمینیں ہیں جبکہ بشریٰ بی بی بنی گالا اسلام آباد میں 3 کنال کے گھر کی مالک بھی ہیں۔ 

وزیراعظم شہباز شریف 

دستاویز کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف 24 کروڑ 50 لاکھ روپے سے زائد اثاثوں کے مالک ہیں جبکہ 14 کروڑ روپے سے زائد کے مقروض ہیں۔ شہباز شریف نے سلمان شہباز سے 6 کروڑ سے زائد کا قرض لے رکھا ہے۔ 
شہباز شریف کے پاس دو گاڑیاں اور بینک اکاونٹس میں 2 کروڑ سے زائد رقم ظاہر کی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف بیرون ملک 13 کروڑ 74 لاکھ روپے کے اثاثوں کے بھی مالک ہیں۔ شہباز شریف کے اثاثوں میں سال 2020 کی نسبت 2021 میں 3 لاکھ روپے کی کمی ہوئی۔ 
شہباز شریف نے اپنی بیویوں نصرت شہباز اور تہمینہ درانی کے اثاثے بھی ظاہر کیے ہیں۔ نصرت شہباز 23 کروڑ روپے کے اثاثوں کی مالک ہیں جبکہ تہمینہ درانی کے اثاثوں کی مالیت 57 لاکھ 60 ہزار روپے ہے۔ 

وزیر خارجہ بلاول بھٹو کا بینک بیلنس 12 کروڑ سے زائد ہے۔ فوٹو: پیپلز پارٹی آفیشل ٹوئٹر

پیپلزپارٹی چیئرمین بلاول بھٹو 

پیپلزپارٹی کے چیئرمین اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو 1 ارب 60 کروڑ روپے کے اثاثوں کے مالک ہیں جبکہ بلاول بھٹو کے ذمہ 3 لاکھ 34 ہزار روپے واجب الادا بھی ہیں۔ 
بلاول بھٹو نے بیرون ملک اپنے کاروبار بھی ظاہر کیے ہوئے ہیں۔ بلاول بھٹو کا بینک بیلنس 12 کروڑ سے زائد کا ہے۔ 

آصف علی زرداری 

سابق صدر آصف علی زرداری 71 کروڑ 42 لاکھ روپے سے زائد اثاثوں کے مالک ہیں جبکہ آصف زرداری کا بیرون ملک کوئی کاروبار نہیں ہے۔ 

سپیکر قومی اسمبلی 

راجہ پرویز اشرف نے اپنے اثاثوں کی مالیت 2 کروڑ 36 لاکھ ظاہر کی جبکہ پرویز اشرف کی اہلیہ کے پاس 100 تولے سونا ہے۔ 
راجہ پرویز اشرف نے اسلام آباد کے پوش سیکٹر ایف ایٹ میں گھر کی مالیت صرف 26 لاکھ ظاہر کی جبکہ راجہ پرویز اشرف نے 32 ایکٹر وراثتی زمین کی مالیت نہیں بتائی۔ 

شاہ محمود قریشی نے 21 کروڑ 96 لاکھ روپے کے اثاثے ظاہر کیے ہیں۔ فائل فوٹو: اے پی پی

شاہ محمود قریشی 

پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی  کے اثاثے پارٹی چئیرمین عمران خان سے بھی زائد ہیں۔ انہوں نے 21 کروڑ 96 لاکھ روپے کے اثاثے ظاہر کیے ہیں۔ 

فواد چوہدری  

الیکشن کمیشن کی دستاویز کے مطابق پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما، سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری پاکستان میں 7 جائیدادوں کے مالک ہیں۔ 
فواد چوہدری کی 3 جائیدادیں ان کی اہلیہ صائمہ فواد کے نام ہیں جبکہ ان کی دوسری اہلیہ حبا خان نے 2 جگہوں پر سرمایہ کاری کر رکھی ہے۔ 
فواد چوہدری کی بیگمات کے پاس پرائز بانڈز بھی ہیں۔ فواد چوہدری کے پاس 130 تولہ سونا، ان کی اہلیہ صائمہ کے پاس 70 تولہ سونا ہے۔ فواد چوہدری کے ذمے 1 کروڑ روپے واجب الادا ہیں۔ 

پی ٹی آئی رہنما مراد سعید 

الیکشن کمیشن کے دستاویزات کے مطابق مراد سعید کے نام کوئی ذاتی گھر نہیں ہے۔ انہوں نے اپنے اثاثوں میں ایک گاڑی اور 15 تولہ سونا ظاہر کیا ہے۔ مراد سعید کے اکاؤنٹس میں 29 لاکھ 63 ہزار روپے سے زائد رقم ہے۔ 

فواد چوہدری کی تین جائیدادیں ان کی پہلی اہلیہ صائمہ فواد کے نام ہیں۔ فائل فوٹو: اے پی پی

سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر 

اسد قیصر ساڑھے 8 کروڑ روپے سے زائد اثاثوں کے مالک ہیں جبکہ ایک کروڑ 17 لاکھ سے زائد کے مقروض ہیں۔ سابق اسپیکر اسد قیصر کے پاس 6 کروڑ 72 لاکھ سے زائد کی جائیداد ہے۔ 
اسد قیصر نے 58 لاکھ روپے کا بزنس ظاہر کیا ہے، وہ ایک گاڑی کے مالک ہیں جبکہ 96 لاکھ روپے سے زائد کا بینک بیلنس ہے۔ 

سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد  

سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد 15 کروڑ 98 لاکھ روپے کے اثاثوں کے مالک ہیں جبکہ انہوں نے 6 لاکھ 30 ہزار روپے کی بندوق ظاہر کی ہے۔ شیخ رشید احمد نے 10 کروڑ روپے زمین بیچنے کے عوض ایڈوانس لے رکھا ہے۔ 
میجر طاہر صادق کے اثاثوں کی ملکیت 5 کروڑ 93 لاکھ روپے ہے اور ملک سہیل کمڑیال 31 کروڑ روپے سے زیادہ کے اثاثوں کے مالک ہیں۔ غلام سرور خان 5 کروڑ 47 لاکھ روپے کے اثاثوں کے مالک ہیں۔ 

شیئر: