بغداد کا پہلا یہودی میوزیم، عراق کے تاریخی ورثے کو زندہ کرنے کی کوشش
بغداد کا پہلا یہودی میوزیم، عراق کے تاریخی ورثے کو زندہ کرنے کی کوشش
جمعہ 13 نومبر 2026 15:11
یہ میوزیم تاریخی شماش یہودی سکول کی عمارت میں قائم کیا گیا ہے (فوٹو: اے ایف پی)
بغداد میں قائم پہلے یہودی میوزیم کو دیکھنے کے لیے روزانہ درجنوں عراقی شہری پہنچ رہے ہیں۔ میوزیم میں پرانی تصاویر، تعلیمی اسناد اور تاریخی دستاویزات کے ذریعے عراق کی یہودی برادری کی تاریخ اور ثقافتی کردار کو اجاگر کیا گیا ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق بہ میوزیم تاریخی شماش یہودی سکول کی عمارت میں قائم کیا گیا ہے، جس کی بنیاد 1928 میں بغداد کی معروف شاہراہ الرشید پر رکھی گئی تھی۔ عراق کی یہودی برادری نے گزشتہ ماہ ایک غیر معمولی عوامی تقریب میں میوزیم کا افتتاح کیا۔
میوزیم میں پرانی تعلیمی اسناد، ہاتھ سے لکھی گئی دستاویزات، خاندانی تصاویر، شناختی کارڈز اور سکول میں زیرِ تعلیم رہنے والے یہودی طلبہ کا ریکارڈ محفوظ کیا گیا ہے۔ اس سکول کی بنیاد یہودی مخیر شخصیت یعقوب شلومو شماش نے رکھی تھی۔
عمارت کی بحالی کے بعد یہاں مختلف تاریخی اشیا نمائش کے لیے رکھی گئی ہیں۔ ان میں یہودی مذہب کی علامت سات شاخوں والا شمعدان بھی شامل ہے، جبکہ دیواروں پر عراق کی یہودی تاریخ سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات کی تصاویر آویزاں ہیں۔
ان شخصیات میں ساسون ہسکل بھی شامل ہیں، جو بغداد میں پیدا ہوئے اور 1920 میں جدید عراقی ریاست کے قیام کے بعد ملک کے پہلے وزیر خزانہ بنے۔
میوزیم میں معروف یہودی گلوکارہ سلیمہ مراد کو بھی خراجِ عقیدت پیش کیا گیا ہے۔ بغداد کے ایک یہودی خاندان میں پیدا ہونے والی سلیمہ مراد نے 1920 اور 1930 کی دہائیوں میں غیر معمولی شہرت حاصل کی۔ وہ روایتی عراقی مقام اور عوامی موسیقی کے گیت گانے کے لیے مشہور تھیں۔ ان کی کامیابی عراق کی ثقافتی زندگی میں یہودی برادری کے نمایاں کردار کی عکاسی کرتی ہے۔
عراق میں یہودی برادری کے قانونی نمائندے عمار التمیمی کے مطابق میوزیم کے افتتاح کے بعد اب تک کوئی یہودی شہری اسے دیکھنے نہیں آیا، تاہم عراقی شہریوں کی بڑی تعداد یہاں پہنچ رہی ہے۔
بغداد کے 71 سالہ رہائشی نبیل عبدالحمید نے میوزیم کا دو مرتبہ دورہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ انہیں اس میوزیم کے وجود کا یقین اس وقت تک نہیں آیا جب تک انہوں نے خود اسے نہیں دیکھ لیا۔
منصوبے کی قیادت 64 سالہ خالدہ فواد الیاس نے کی، جو بغداد میں ایک یہودی خاندان میں پیدا ہوئیں (فوٹو: اے ایف پی)
انہوں نے کہا کہ وہ پہلی مرتبہ اکیلے میوزیم آئے تھے، تاہم دوسری مرتبہ اپنی ڈاکٹر بیٹی اور اس کے بچوں کو بھی ساتھ لائے۔
نبیل عبدالحمید کے مطابق لوگوں کی اس موضوع میں دلچسپی دیکھ کر انہیں امید ہے کہ یہ اقدام مستقبل میں مثبت تبدیلیوں کا ذریعہ بنے گا۔
انہوں نے کہا کہ ’یہودی بھی اس ملک کے بانیوں میں شامل تھے۔ میری خواہش ہے کہ ذمہ داران ان کی واپسی کے بارے میں سوچیں۔ یہودیوں کی عراق میں جائیدادیں، تاریخ اور ثقافتی ورثہ موجود ہے۔ میں چاہتا ہوں کہ وہ واپس آئیں اور ملک کی بحالی میں اپنا کردار ادا کریں۔‘
عمار التمیمی کے مطابق میوزیم قائم کرنے کا بنیادی مقصد تاریخی سکول کی یادوں کو محفوظ بنانا تھا۔ آبادی اور معاشی حالات میں تبدیلی کے باعث اس علاقے کی نوعیت بدل چکی ہے اور اب یہ تجارتی مرکز بن گیا ہے، جہاں مختلف گودام موجود ہیں۔ اس لیے عمارت کو مزید سکول کے طور پر استعمال کرنا ممکن نہیں۔
منصوبے کی قیادت 64 سالہ خالدہ فواد الیاس نے کی، جو بغداد میں ایک یہودی خاندان میں پیدا ہوئیں، پیشے کے اعتبار سے دندان ساز ہیں اور عراق میں باقی رہ جانے والی مختصر یہودی برادری کی سربراہ ہیں۔ میوزیم کے تمام اخراجات یہودی برادری نے اپنے وسائل سے برداشت کیے ہیں۔
تاریخ دان سعدی العراقی نے میوزیم کے افتتاح کا خیرمقدم کرتے ہوئے مزید تاریخی مقامات کی بحالی اور یہودی عبادت گاہیں دوبارہ کھولنے کا مطالبہ کیا۔
عراق کے سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اب بغداد میں صرف چند یہودی باقی رہ گئے ہیں (فوٹو: اے ایف پی)
سکڑتی ہوئی یہودی آبادی
سلطنتِ عثمانیہ کے دور اور 20ویں صدی کے پہلے نصف تک بغداد کی تقریباً پانچویں آبادی یہودیوں پر مشتمل تھی۔ مشرقِ وسطیٰ میں یہودی برادریوں کی تاریخ ڈھائی ہزار سال سے زیادہ پرانی ہے، تاہم 1940 کی دہائی کے آغاز میں عرب قوم پرستی کے زیرِ اثر یہودی مخالف تشدد میں اضافے کے باعث بڑی تعداد میں یہودیوں نے خطہ چھوڑنا شروع کر دیا۔
1947 میں عراق میں تقریباً ایک لاکھ 50 ہزار یہودی آباد تھے، تاہم 1950 سے 1952 کے درمیان تقریباً ایک لاکھ 25 ہزار عراقی یہودیوں کو فضائی آپریشن کے ذریعے اسرائیل منتقل کیا گیا۔
عراق کے سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اب بغداد میں صرف چند یہودی باقی رہ گئے ہیں، جو سکیورٹی خدشات کے باعث خاموشی سے زندگی گزار رہے ہیں، جبکہ کرد نژاد تقریباً 90 یہودی کردستان کے علاقے میں آباد ہیں۔
یہودی برادری کی تاریخی موجودگی کے آثار آج بھی بغداد کے پرانے تجارتی علاقوں اور دریائے دجلہ کے کنارے واقع قدیم عمارتوں میں دیکھے جا سکتے ہیں، جہاں کئی عمارتوں کی بیرونی دیواروں پر ڈیوڈ سٹار کے نقوش موجود ہیں۔