Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

غیر ملکی خاتون کا مبینہ ریپ، ملزم گرفتار

متاثرہ خاتون نے پولیس کو بتایا تھا کہ ایک موقع پر اُن کو لگا کہ ملزم گلہ دبا کر قتل کر دے گا۔ فوٹو: اسلام آباد پولیس
اسلام آباد پولیس نے غیر ملکی خاتون کے مبینہ ریپ کے الزام میں مفرور سکیورٹی گارڈ کو گرفتار کرلیا ہے۔
بدھ کو اسلام آباد پولیس کے سربراہ ڈاکٹر اکبر ناصر خان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ ملزم محمد سفیر نجی سکیورٹی کمپنی کا گارڈ ہے جو غیر ملکی خاتون کے گھر ڈیوٹی پر تھا جب یہ واقعہ ہوا۔
ان کا کہنا تھا کہ ’ملزم نے چھ جون کو غیر ملکی خاتون سے زیادتی کی اور اس کے بعد فرار ہو گیا تھا جس کے خلاف تھانہ آب پارہ میں مقدمہ درج کیا گیا۔‘
ڈاکٹر اکبر ناصر خان نے بتایا کہ ملزم نے ابتدائی تفتیش کے دوران اعتراف جرم کرلیا ہے۔ ’ملزم کو ٹھوس شواہد کی روشنی میں عدالت سے سزا دلوا کر نشان عبرت بنایا جائے گا۔‘ 
خیال رہے کہ اسلام آباد میں اقوام متحدہ کے ایک ذیلی ادارے سے منسلک غیر ملکی خاتون نے مبینہ طور پر گھر کے سکیورٹی گارڈ پر ریپ کا الزام عائد کیا تھا جس کے بعد ملزم فرار ہوگیا تھا۔
تھانہ آب پارہ میں درج کیے گئے مقدمے کے مطابق سویڈن سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون نے بتایا تھا کہ ان کے گھر کے سکیورٹی گارڈ نے رات کو ان کے بیڈ روم میں گھس کر اُن کا ریپ کیا اور موقع سے فرار ہوگیا۔ 
متاثرہ خاتون نے پولیس کو بتایا تھا کہ ’وہ رواں سال سات جنوری کو اقوام متحدہ کے ایک ذیلی ادارے کے ساتھ کام کرنے کے لیے پاکستان منتقل ہوئیں۔‘
درج کیے مقدمے میں متاثرہ خاتون نے نجی سکیورٹی کمپنی اور اس کے گارڈ محمد سفیر کو ملزم نامزد کیا تھا۔

ملزم سکیورٹی گارڈ کو واقعہ کے دس دن بعد گرفتار کیا گیا۔ فوٹو: اسلام آباد پولیس

غیر ملکی خاتون نے پولیس کو بتایا تھا کہ وقوعہ کی رات اُن کو سوتے وقت بیڈ روم میں کچھ آوازیں سنائی دیں اور ان کے سنبھلنے سے قبل ہی گھر کی حفاظت پر مامور گارڈ محمد سفیر نے حملہ آور ہو کر نیچے گرا دیا۔
متاثرہ خاتون کے مطابق انہوں نے مزاحمت کی مگر سیکورٹی گارڈ کی طاقت کے سامنے وہ بے بس ہو گئیں۔
مبینہ ریپ کا نشانہ بننے والی خاتون نے پولیس کو بتایا تھا کہ ایک موقع پر اُن کو لگا کہ ملزم گلہ دبا کر قتل کر دے گا۔

شیئر: