Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈیا اور بنگلہ دیش میں سیلاب سے کم از کم 41 افراد ہلاک

انڈیا اور بنگلہ دیش میں سیلاب کے باعث لاکھوں افراد بے گھر ہوگئے ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی
بنگلہ دیش اور انڈیا میں مون سون کی بارشوں سے ہونے والی تباہی کے باعث کم از کم 41 افراد ہلاک جبکہ لاکھوں بے گھر ہو گئے ہیں۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق بنگلہ دیش کے شمال مشرقی علاقوں میں کئی مقامات پر فوج تعینات کی گئی ہے جبکہ سکولوں میں ریلیف کیمپ قائم کر دیے ہیں۔
گزشتہ ہفتے سے شروع ہونے والی بارشوں کے بعد سے اکثر علاقوں کا ملک کے دیگر شہروں سے زمینی راستہ منقطع ہو گیا ہے۔
ماہرین کے خیال میں ماحولیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے بھی سیلابوں کی شدت میں اضافہ ہوا ہے اور زیادہ کثرت سے آنا شروع ہو گئے ہیں۔
بنگلہ دیش کے ضلع سلہٹ کے چیف ایڈمنسٹریٹر مشرف حسین نے کہا کہ صورتحال بہت خراب ہے، 40 لاکھ سے زیادہ افراد سیلاب کے باعث بے گھر ہیں جبکہ پورے علاقے میں بجلی بھی نہیں۔
جمعے کو ضلعے کا انٹر نیشنل ایئر پورٹ بھی سیلاب کی وجہ سے بند کرنا پڑا تھا۔
بنگلہ دیش کے ضلع سلہٹ کے ایک رہائشی لوک من نے بتایا کہ جمعے کو ان کا سارا گاؤں سیلاب میں ڈوب گیا تھا اور سب بے گھر ہوگئے ہیں۔
’سارا دن گھر کی چھت پر گزارنے کے بعد ایک ہمسائے نے کشتی کے ذریعے ہمیں بچایا۔ میری والدہ کا کہنا ہے کہ انہوں نے اپنی پوری زندگی میں کبھی ایسا سیلاب نہیں دیکھا۔‘

بنگلہ دیش کے متاثرہ علاقوں میں ریلیف کے لیے فوج تعینات کی گئی ہے۔ فوٹو: اے ایف پی

 متاثرہ خاتون عاصمہ اکتر نے بتایا کہ دو دن سے ان کے خاندان نے کچھ نہیں کھایا۔
’پانی اتنی تیزی سے چڑھنا شروع ہو گیا کہ ہم اپنا کوئی سامان نہیں لا سکے۔ ویسے بھی کچھ کیسے بنایا جا سکتا ہے جب سب کچھ پانی کے نیچے ہو۔‘
پولیس کے مطابق بنگلہ دیش میں سیلاب اور طوفان کے باعث جمعے سے اب تک 21 سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
دوسری جانب انڈیا کی ریاست میگھالیہ کے وزیراعلیٰ نے ٹویٹ کیا کہ جمعرات سے اب تک کم از کم 16 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
ریاست آسام میں گزشتہ پانچ دنوں سے شروع بارشوں کے باعث 18 لاکھ افراد متاثر ہوئے ہیں۔
آسام کے وزیراعلیٰ نے بتایا کہ سیلاب میں پھنسے افراد کی مدد کے لیے ضلعی انتظامیہ کو ہدایات جاری کر دی ہیں۔

شیئر: