Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی شوری کے نائب صدر سے کرغیزستان کے وزیر خارجہ کی ملاقات 

ملاقات میں تعاون کے فروغ کے امکانات کا جائزہ لیا گیا( فوٹو ایس پی اے)
سعودی نائب صدر شوری ڈاکٹر مشعل السلمی سے اتوار کو کرغیزستان کے وزیر خارجہ نے ریاض میں ملاقات کی ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق ڈاکٹر مشعل السلمی نے کہا کہ’ کرغیزستان کے وزیر خارجہ کا دورہ سعودی عرب مختلف شعبوں میں دونوں دوست ملکوں کے باہمی تعلقات کو مضبوط بنانے کے جذبے کا عکاس ہے‘۔
انہوں نے کہا کہ ’اس سے دونوں ملکوں کے مفادات پورے ہوں گے اور تعلقات کے استحکام میں مدد ملے گی‘۔ 
ڈاکٹر مشعل السلمی نے کہا کہ’ مئی 2022 کے دوران سعودی کرغیز محبان ارکان پارلیمنٹ کے وفد نے کرغیزستان کا دورہ کیا تھا جس کے اچھے نتائج برآمد ہوئے تھے‘۔ 
انہوں نے کہا کہ ’سعودی عرب خطے سمیت دنیا بھر میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے موثر اقدامات کررہا ہے۔ مملکت مسلم ممالک کی مدد جاری رکھے ہوئے ہے ۔ ‘
انہوں نے کرغیزستان کے وزیر خارجہ کو سعودی وژن 2030 سے آگاہ کیا اور کہا کہ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان ملک میں ہمہ جہتی ترقی لا رہے ہیں۔ 
کرغیزستان کے وزیر خارجہ نے اس موقع پر کہا کہ ’مملکت کے ساتھ تعلقات برادرانہ، دوستانہ اورگہرے ہیں‘۔
ملاقات میں سعودی شوری اور کرغیزستان کی پارلیمنٹ کے درمیان باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال، پارلیمنٹ اور شوری کے محبان کی کمیٹی کے درمیان تعاون کے فروغ کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔ 
اس موقع پرسعودی کرغیزی پارلیمانی محبان کمیٹی کے  ڈپٹی چیئرمین عبداللہ بن عیفان، کرغیزستان میں متعین سعودی سفیر ابراہیم الراضی، مملکت میں متعین کرغیز سفیر اور متعدد سفارتکار بھی موجود تھے۔

شیئر: