Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ہنگری میں چیمپئن شپ کے لیے جانے والا پاکستانی کھلاڑی غائب، دفتر خارجہ کی تصدیق

عاصم افتخار کا کہنا تھا کہنا تھا ’(پاکستانی) مشن اس معاملے کے حوالے سے ہنگری کے حکام سے رابطے میں ہے۔‘ (فوٹو: پاکستان دفتر خارجہ)
پاکستان کے دفتر خارجہ نے یورپی ملک ہنگری میں 19 ویں فینا ورلڈ اکویٹکس چیمپین شپس میں شرکت کے لیے جانے والے پاکستانی ایتھلیٹ کے گذشتہ ہفتے غائب ہونے کی تصدیق کی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق جمعے کو دفتر خارجہ کے ترجمان عاصم افتخار نے کہا کہ ’ہمارے بڈاپسٹ  میں مشن نے بتایا ہے کہ انہیں ہنگری کے حکام نے پاکستانی ایتھلیٹ کے غائب ہونے کے بارے میں اطلاع دی ہے۔‘
22 سالہ فیضان اکبر پیشہ ور تیراک ہیں، جو ملکی سطح پر ہونے والے مقابلوں میں چار گولڈ میڈلز جیت چکے ہیں۔ وہ ہنگری میں 17 جون سے 3 جولائی تک جاری رہنے والے فینا ورلڈ اکویٹکس چیمپئن شپس کے 19 ویں ایڈیشن میں شرکت کے لیے گئے تھے۔
انہوں نے 19 جون کو 100 میٹر کے ایونٹ میں شرکت کرنا تھی لیکن وہ نہیں آئے۔

22 سالہ فیضان اکبر پیشہ ور تیراک ہیں۔ (فوٹو: فینا)

عاصم افتخار کا کہنا تھا نہ تو پاکستان سوئمنگ فیڈریشن اور نہ ہی ہنگری میں مقابلے کے منتظمین نے پاکستانی مشن کو ایونٹ میں جنوبی ایشیائی ملک کے ایتھلیٹس کی شرکت کے بارے میں آگاہ کیا۔
ان کا مزید کہنا تھا ’(پاکستانی) مشن اس معاملے کے حوالے سے ہنگری کے حکام سے رابطے میں ہے۔‘

شیئر: